روس: دھماکے کے بعد عمارت کا ایک حصہ گرنے سے 4 ہلاک، درجنوں لاپتہ

روس کے سرد علاقے کوہ اورال میں دھماکے سے 10 منزلہ عمارت کا ایک حصہ گرگیا جس کے نتیجے میں 4 افراد ہلاک اور کئی لاپتہ ہوگئے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی ‘اے پی’ کی رپورٹ کے مطابق روسی کی تحقیقاتی ایجنسی کا کہنا تھا کہ صنعتی شہر میگنیٹو گورسک میں بظاہر گیس کی لکیج سے دھماکا ہوا اور عمارت گر گئی، جس کے بعد نئے سال کے استقبال کے منتظر روسی شہری غم زدہ ہوگئے۔

حکام کا کہنا تھا کہ دھماکے میں زخمی ہونے والے 5 افراد زیرعلاج ہیں اور 35 افراد لاپتہ ہیں جن کے زندہ بچ جانے کے حوالے سے کچھ نہیں کہا جا سکتا۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہیں 1400 امدادی کارکن جائے وقوع پر پہنچے اور کام شروع کردیا۔

وزیرصحت ویرونیکا اسکورٹسوا نے لاپتہ افراد کے حوالے سے کہا کہ ‘وقت کے ساتھ ساتھ مواقع کم ہوتے جارہے ہیں لیکن غیر معمولی واقعات بھی پیش آتے ہیں’۔

ایمرجنسی حکام نے درجہ حرارت کو بڑھانے کے لیے طاقت ور ہیٹرز کو بھی جائے وقوع پر پہنچایا، تاکہ کوئی شہری سردی کی وجہ سے جان کی بازی نہ ہار جائے۔

ڈپٹی ایمرجنسی وزیر پیویل باریشو نے مقامی عہدیداروں کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ‘ہم جتنا ہو سکے امدادی کام میں جلدی کریں کیونکہ درجہ حرارت ہمیں زیادہ وقت نہیں دے رہا ہے’۔

مقامی حکام کا کہنا تھا کہ عمارت کے بقیہ حصے کے گرنے کے خدشے کے پیش نظر تمام ضروری انتظامات کیے گئے ہیں اور کئی رہائشیوں کو وہاں سے نکال لیا گیا ہے۔

روسی صدر ولادی میر پیوٹن نے ماسکو سے 1400 کلومیٹر دور جائے حادثے کا دورہ کیا جس کے بعد اس ہسپتال میں پہنچے جہاں زخمیوں کو علاج کے لیے منتقل کیا گیا تھا۔

پیوٹن نے ہسپتال میں زخمیوں سے ان کا حال اور علاج کے حوالے سے پوچھا اور ان کی ہمت بندھائی۔

مقامی حکام کا کہنا تھا کہ گرنے والے حصے میں 68 افراد رجسٹرڈ تھے جو لاپتہ ہوگئے تھے تاہم ان میں متعدد افراد کا سراغ لگا لیا گیا ہے۔

Show More

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے