بیماریوں کی روک تھام کےلیے عوام میں شعور و آگہی ضروری ہے:ڈپٹی کمشنر

صادق آباد،بھونگ: ڈپٹی کمشنر رحیم یارخان جمیل احمد جمیل نے کہا ہے کہ معاشرے میں تعلیم و صحت، آگہی اور شعور کی روشنی تقسیم کرنے سے بڑی کوئی عبادت نہیں، ہمیں خلق خدا کی بڑھ چڑھ کر خدمت کرنا ہو گی اور خوش آئند بات ہے کہ انڈس ہیلتھ کیئر حکومت ، انتظامیہ اور مخیر حضرات کے ساتھ مل کر تمام شعبوں میں مثالی خدمات سر انجام دے رہا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے الغازی ٹرسٹ ہسپتال بھونگ میں انڈس ہیلتھ نیٹ ورک اور پرائمری ہیلتھ کیئر کے مشترکہ اشتراک سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ سماجی ورکرز اپنے وسائل اور توانائیاں معاشرے کی تعمیر وترقی کے لئے استعمال میں لائیں حکومت اور انتظامیہ اپنا مکمل تعاون فراہم کرے گی۔انہوں نے کہا کہ بیماریوں کی روک تھام کے لئے عوام میں شعور و آگہی نہایت ضروری ہے تاکہ وہ اپنے اردگرد کے ماحول کو صاف ستھرا رکھیں اور کھانے پینے کی معیار ی اشیاءکا استعمال کریں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب عوام کو صاف پانی کی فراہمی کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے تاہم مخیر حضرات، این جی اوز اور رفاہی ادارے واٹر فلٹریشن پلانٹس کی تنصیب میں بھی حکومتی کاوشوں کا ساتھ دیں۔انہوں نے انڈس ہیلتھ نیٹ ورک اور الغازی ویلفیئر ٹرسٹ کے ذمہ داران کے انسانی خدمت کے جذبے کو سراہا اور کہا کہ اس خطہ کے رئیس برادران کی اپنے علاقہ کی عوام کے لئے خدمات لائق تحسین ہیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے الغازی ویلفیئر ٹرسٹ کے بانی سردار رئیس وزیر احمد نے کہا کہ الغازی ویلفیئر ٹرسٹ ہسپتال کا افتتاح موجودہ وزیر ا عظم عمران خان نے کیا تھا اور یہ ہسپتال میری خواہش پر میرے مرحوم بیٹے نے اس علاقہ کی خدمت اور عوام کو طبی سہولیات کی فراہمی کے لئے قائم کیا تھا جسے آج انڈس ویلفیئرنہایت احسن انداز سے چلا رہی ہے اور ہسپتال میں تمام جدید طبی سہولیات دستیاب ہیں جو مریضوں کو بلکل مفت فراہم کی جاتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مستقبل میں جلد انجینئرنگ اور میڈیکل کالج کی تعمیر کا کام شروع کیا جائے گا جس کے لئے اراضی حاصل کر لی گئی ہے۔انڈس ہیلتھ کیئر کے بانی عبدالکریم پراچہ نے بتایا کہ ملک بھر میں انڈس ہیلتھ کیئر کا سالانہ بجٹ31ارب سے زائد ہے اور مختلف شعبوں میں عوام کو طبی سہولیات فراہم کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ضلع رحیم یار خان میں الغازی ٹرسٹ ہسپتال میں تمام جدید طبی مشینری اور کوالیفائیڈ ڈاکٹرز و سٹاف علاقہ کے عوام کی خدمت کر رہے ہیں جبکہ ہیپاٹائٹس اور ٹی بی کی روک تھام کے لئے بھی ترجیحی اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔

یہ بھی پڑھیں:چکن کھانے سے کینسر ہوسکتا ہے،نئی تحقیق

انہوں نے کہا کہ ٹی بی کی تشخیص کے لئے جدید موبائل یونٹ مختلف علاقوں میں جا کر عوام کو مفت طبی سہولیات فراہم کرے گا۔

سی ای او ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر مخدوم بشارت حسین ہاشمی نے کہا کہ حکومت پنجاب ہیپا ٹائٹس اور ٹی بی کے خلاف بڑے پیمانے پر اقدامات کر رہی ہے اور خوش آئند بات ہے کہ انڈس ہیلتھ کیئر اس علاقہ میں ان بیماریوں کی تشخیص اور علا ج معالجہ کے لئے اپنا کردار ادا کرے گا ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی انڈس ہیلتھ کیئر کے ساتھ ہر شعبوں میں تعاون کرے گی۔ تقریب سے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر گلوبل ہیلتھ ڈائریکٹریٹ ڈاکٹر عامر، حاجی سلیم، خالد بیگ، مہک علی، عزیزہ افتخار، ڈاکٹر سبین شاہ، نیہا ملکانی سمیت دیگر نے خطاب کیا۔

Show More

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے