فیسوں میں کمی کا حکم ملک بھر کے سکولوں کےلیے ہے،چیف جسٹس

فیسوں میں کمی کا حکم پورے ملک کے سکولوں کیلئے ہے، چیف جسٹس

ویب ڈیسک |04 جنوری ، 2019

اسلام آباد: چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے واضح کیا ہے کہ فیسوں میں کمی کا حکم صرف چند سکولوں کے لیے نہیں بلکہ پورے ملک کے لیے ہے۔
سپریم کورٹ میں ایک کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ ‘فیس میں کمی کا حکم صرف 22 یا 27 سکولوں کے لیے نہیں تھا، یہ حکم پورے ملک میں 5 ہزار سے زائد فیس لینے والے تمام سکولوں پر لاگو ہے’۔
چیف جسٹس نے مزید کہا کہ ‘ہم نے فیسوں میں کمی کا کہا تو انتظامیہ نے سکول بند کرنے شروع کردیئے، اگر کسی کو ابہام ہے تو ہمیں فائل دیں، پڑھ کے سب کو بتا دیتے ہیں’۔
واضح رہے کہ گذشتہ ماہ 13 دسمبر کو سپریم کورٹ نے 5 ہزار روپے سے زائد فیس لینے والے نجی سکولوں کو فیس میں 20 فیصد کمی کرنے اور 2 ماہ کی چھٹیوں کی فیس کا 50 فیصد والدین کو واپس کرنے کا حکم دیا تھا۔
عدالت عظمیٰ نے حکم دیا تھا کہ ملک بھر کے ایسے نجی اسکول جو 5 ہزار روپے سے زائد فیس وصول کرتے ہیں وہ اپنی فیسوں میں 20 فیصد تک کمی کریں گے جب کہ 5 ہزار یا اس سے کم فیس وصول کرنے والے اسکولوں پر عدالتی فیصلے کا اطلاق نہیں ہوگا۔عدالت نے مزید حکم دیا تھا کہ 5 ہزار روپے سے زائد فیس لینے والے نجی سکول سالانہ 5 فیصد سے زیادہ فیسوں میں اضافہ نہیں کریں گے اور اگر اس سے زیادہ اضافہ کرنا ہوگا تو ریگولیٹری باڈی سے منظوری لینی ہوگی اور وہ بھی 8 فیصد سے زیادہ اضافہ نہیں ہوگا۔
دوسری جانب سپریم کورٹ نے یہ بھی حکم دیا کہ ایسے نجی اسکول گرمیوں کی فیسوں کا 50 فیصد والدین کو ادا کریں یا اس رقم کو سکول کی فیس میں ایڈجسٹ کریں۔

Show More

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے