بھونگ:گیس پائپ لائن دھماکے سے پھٹ گئی

دھماکہ گیس پریشر میں اضافے کی وجہ سے ہوا:اسسٹنٹ کمشنر

مانیٹرنگ ڈیسک|09جنوری2019

صادق آباد: بھونگ کے علاقے میں رات گئے 36 انچ قطر کی زیر زمین گیس پائپ لائن دھماکے سے پھٹ گئی۔آگ کے شعلے دور دور تک دکھائی دیتے رہے جبکہ قریبی فصلوں اور باغ میں بھی آگ پھیل گئی۔ دھماکے اور آگ لگنے کے باعث پنجاب کے کئی علاقوں میں گھریلو اور صنعتی صارفین کو گیس کی فراہمی معطل ہوگئی۔
ڈی پی او رحیم یار خان عمر فاروق سلامت کا کہنا ہے کہ واقعے میں تخریب کاری کا عنصر نہیں ملا۔
سوئی سے قادر آباد جانے والی 36 انچ قطر کی زیر زمین گیس پائپ لائن میں بھونگ کے مقام پر دھماکہ ہوا اور قریبی کھیتوں میں آگ لگ گئی۔جس کی اطلاع ملنے پر امدادی کارروائیاں شروع کردی گئیں جبکہ رینجرز کے اہلکار بھی موقع پر پہنچ گئے۔
بم ڈسپوزل اسکواڈ، سول ڈیفنس کےعملے اور فائر بریگیڈ کی 4 گاڑیوں کی مدد سے 7 گھنٹوں کی کوششوں کے بعد آگ پر قابو پایا گیا۔آگ سے گنے کی فصل اور باغات کو شدید نقصان پہنچا۔
اسسٹنٹ کمشنر صادق آباد عباس رضا کے مطابق پائپ لائن میں آگ زیادہ پریشر کے باعث لگی تھی، پائپ لائن کی مرمت کا کام شروع کردیا گیا ہے۔
گیس لائن میں دھماکے کے بعد ملتان، گوجرانوالہ، فیصل آباد اور سرگودھا سمیت پنجاب کے کئی علاقوں میں گھریلو صارفین کو گیس کی فراہمی معطل ہونے پر شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔
ادھر فیصل آباد کی ٹیکسٹائل انڈسٹری سمیت پنجاب کے صنعتی علاقوں میں بھی گیس کی فراہمی بند ہونے سے پیداواری عمل شدید متاثر ہوا ہے۔دھماکے سے پھٹنے والی گیس پائپ لائن کی مرمت کا کام جاری ہے۔

Show More

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے