نہری پانی کی کمی کا مسئلہ حل کرائیں گے:مشیروزیراعلی پنجاب

شوگرملوں کی مانیٹرنگ کی جارہی ہے:ڈپٹی کمشنر رحیم یارخان

قافلہ نیوز | ہفتہ 19جنوری 2019

رحیم یارخان : مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب حنیف خان پتافی نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کاشت کاروں کو سہولیات کی فراہمی اور شعبہ زراعت سے منسلک افراد کو معاشی تحفظ فراہم کرنے کے لئے عملی اقدامات کر رہی ہے، صوبہ میں پہلی مرتبہ کماد کے کاشت کاروں کو 180روپے من قیمت مل رہی ہے اور شوگر ملز انتظامیہ کو ہدایت ہے کہ کسانوں کو 15یوم میں رقوم کی ادائیگیاں یقینی بنائی جائیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈپٹی کمشنر آفس کمیٹی روم میں شوگر کین کرشنگ سیزن کے حوالہ سے منعقدہ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر جمیل احمد جمیل، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(ریونیو)کیپٹن(ر)سعد لغاری، ایم پی اے عامر نواز چانڈیہ، وائس چیئرمین ضلع کونسل چوہدری نعیم شفیق، اسسٹنٹ کمشنرز چوہدری اعتزاز انجم، عباس رضا ناصر، فاروق قمر، کسان تنظیموں کے رہنما جام ایم ڈی گانگا ، اللہ نواز مانک، چوہدری محمد یسین، چوہدری عبدالصمد، چوہدری ناصر جمیل، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت راؤ اشفاق احمد سمیت تمام شوگر ملز کے جی ایم موجود تھے۔

مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب حنیف خان پتافی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سر دار عثمان بزدار نے بطور مشیر خاص ذمہ داریاں تفویض کی ہیں جس میں کسانوں کو سہولیات کی فراہمی ترجیحات میں شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ کسان ہمارے ملک کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں انہیں تنہا نہیں چھوڑیں گے۔انہوں نے کہا کہ پانی کی کمی دور کرنے کے حوالہ سے اقدامات کر رہے ہیں اور اس میں جلد بہتری آئے گی۔انہوں نے کسان تنظیموں کی جانب سے نہروں کی بھل صفائی کے مطالبہ کو بھی جلد حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

ڈپٹی کمشنر جمیل احمد جمیل نے کہا کہ کرشنگ سیزن کے دوران ضلعی انتظامیہ نے کاشتکاروں کو سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے غیر معمولی اقدامات کئے ہیں اور شوگر ملز سمیت تحصیلوں اور ضلعی ہیڈ کواٹرز پر شکایات سیل 24گھنٹے فعال ہیں ۔انہوں نے کہا کہ سابقہ ادوار میں ٹریفک مسائل نہایت گھمبیر تھے تاہم امسال ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لئے خصوصی اقدامات کئے گئے ہیں جس کے باعث ٹریفک مسائل کا خاتمہ ہواہے اور تمام تحصیلوں میں اسسٹنٹ کمشنرز شوگر ملز کی جانب سے کسانوں کو پرمٹ کے اجراء، رقوم کی ادائیگیوں اور وزن کے حوالہ سے کڑی مانیٹرنگ کر رہے ہیں۔
کاشت کار تنظیموں کے نمائندگان نے بتایا کہ امسال ڈپٹی کمشنر جمیل احمد جمیل کی سربراہی میں ضلعی انتظامیہ نے شوگر سیزن میں کاشتکاروں کی سہولت کے لئے مثالی اقدامات کئے ہیں اور کسی بھی ملز میں پرمٹ کے حوالہ سے کوئی شکایت نہیں۔انہوں نے ضلع میں پانی کے کوٹہ میں اضافہ، نہروں کی بھل صفائی کرانے کا بھی مطالبہ کیا۔بعد ازاں مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب حنیف خان پتافی نے ڈپٹی کمشنر جمیل احمد جمیل کے ہمراہ شیخ زید ہسپتال کا دورہ کرتے ہوئے ایمرجنسی سمیت مختلف شعبوں کا معائنہ کیا او رہیلتھ سروسز کے معیار کا جائزہ لیا اس موقع پر پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر مبارک علی چوہدری اور ایم ایس ڈاکٹر غلام ربانی نے شیخ زید ہسپتال میں مریضوں کی فراہم کی جانے والی ہیلتھ سروسز کے بارے میں بریفنگ دی۔

Show More

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے