اساتذہ طلبہ کو اخلاق حسنہ کا پیکر بنائیں:ڈاکٹر عطاء الرحمن

صادق آباد میں اساتذہ کی تربیتی و تعلیمی کانفرنس

تعلیمی رپورٹر| راشد منصور

صادق آباد: تنظیم اساتذہ پاکستان ملک بھر کے تمام اساتذہ کرام کی واحد رجسٹرڈ نمائندہ تنظیم ہے جس میں تمام کیڈرز کے اساتذہ کرام شامل ہیں۔ یہ قطعاً غیر سیاسی بنیادوں پر تعلیم کے فروغ اور نظریہ پاکستان کی ترویج کےلئے کوشاں ہے۔ اس کا بنیادی مقصد اساتذہ کرام کو بحیثیت معلم اپنی ذمہ داریاں ایمانداری اور فرض شناسی سے ادا کرنے اور قرآن پاک سے وابستہ ہونے پر راغب کرنا ہے۔ نصاب تعلیم کی تشکیل میں وزارت تعلیم اور بک بورڈز کی پالیسی سازی پر نظر رکھنا اور رہنمائی کرنا بھی ایک اہم کام ہے۔اسی سلسلے میں مسجد خضری صادق آباد میں تربیتی و تعلیمی کانفرنس کا اہتمام کیا گیا جس میں پروفیسر غلام سرور چٹھہ، قاری محمد رمضان نے دروس قرآن مجید، عبداللطیف اور سید محمد اعظم گیلانی نے دروس حدیث پیش کرنے کی سعادت حاصل کی۔ پروفیسر محسن شاہ نے معلم کا مقصد، پروفیسر ڈاکٹر خالد شفیع نے حضور پاک صل اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم کا اسوہ حسنہ بطور معلم، چوہدری عبدالرزاق نے موجودہ حالات میں اساتذہ کرام کی ذمہ داریاں اور نگران ڈویژن پروفیسر ڈاکٹر عطاء الرحمن نے معلم و متعلم کے تعلقات کے حوالے سے گفتگو کی اور اساتذہ کرام پر زور دیا کہ اللّٰہ تعالیٰ کی رضا حاصل کرنے کے لیے طلبہ کی تعلیمی رہنمائی کے ساتھ ساتھ ان کو اخلاق حسنہ کا پیکر بنایا جائے۔ طلبہ میں خاتم الانبیاءحضور اکرم صل اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم سے اور قرآن پاک سے عشق پیدا کیا جائے۔ طلبہ ہماری روحانی اولاد اور صدقہ جاریہ ہیں۔ آخر میں صدر ضلع سید محمد اعظم گیلانی نے شرکاء کا شکریہ ادا کیا جب کہ پروفیسر ڈاکٹر خالد شفیع نے دعا کروائی۔ سٹیج سیکرٹری کے فرائض سیکرٹری ضلع راشد منصور نے ادا کیے۔

Show More

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے