بورڈز کے نتائج میں گریڈنگ سسٹم متعارف کرانے کا فیصلہ

طلبہ کو نمبروں کے ساتھ گریڈ دئیے جائیں گے:وزیر ہائر ایجوکیشن

پوزیشن ہولڈر طلبا ء میں 13کروڑ40لاکھ کے کیش انعامات تقسیم


لاہور (قافلہ نیوز)پنجاب ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے زیر اہتمام ایوان اقبال لاہور میں منعقدہ تقریب میں پاکستان کے مختلف تعلیمی بورڈز کے امتحانات میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ میں کیش انعامات تقسیم کئے گئے۔ صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن راجہ یاسر ہمایوں سرفراز نے تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ صوبائی وزیر نے نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء کو مبارکباد دی۔ اپنے خطاب میں صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ تمام طلبہ پاکستان کی شان اور اس کا مستقبل ہیں۔ ان طلباء نے آنے والے وقتوں میں پاکستان کے لئے کارہائے نمایاں سرانجام دینے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ مقابلہ بہت ضروری ہے مگر جس جیت سے انسان میں تکبر آجائے ایسی کامیابی کا کوئی فائدہ نہیں۔ ایسا علم کا فائدہ نہیں جس سے آپ دوسروں کو حقیر جانیں ۔اصل کامیابی یہ ہے کہ علم سے آپ دوسروں کی مدد کرنا سیکھیں۔جو لوگ مقابلے میں آپ سے پیچھے رہ گئے ہیں انکے بارے ضرور کچھ کریں۔ صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ علم کے ذریعے ہی ہم ترقی کا سفر طے کر سکتے ہیں۔ وزیر ہائر ایجوکیشن کا کہنا تھا کہ پنجاب میں پہلی مرتبہ تعلیمی پالیسی متعارف کروائی جا رہی ہے۔رواں سال بورڈ کے نتائج میں گریڈنگ سسٹم متعارف کروا رہے ہیں۔نتائج میں طلباکو نمبروں کے ساتھ گریڈز دیئے جائیں گے۔ گریڈنگ سسٹم سے طلبہ میں رٹا سسٹم کی حوصلہ شکنی ہو گی۔ہمیں ڈگریاں بانٹنے کے بجائے تعلیم کا معیار بہتر کرنا ہے۔طلبہ کو زیادہ نمبرز لینے کے بجائے معیاری علم کے حصول پر توجہ دینی چاہیئے۔پاکستانی تعلیمی اداروں سے جاری ڈگریاں اس بات کی ضمانت ہوں گی کہ طلبہ کے پاس علم بھی ہے۔
صوبائی وزیر محمد ہاشم ڈوگر، بہادر دریشک، محمد اختر ، آشیفہ ریاض ، عون چوہدری سمیت دیگر وزرا نے بھی تقریب میں شرکت کی۔ حکومت پنجاب کی جانب سندھ، بلوچستان ، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان، کے پی اور پنجاب کے طلبا ء میں 13کروڑ40لاکھ روپے سے زائد کے کیش انعامات تقسیم کئے گئے۔

Show More

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے