خواجہ فرید کالج میں ثقافتی میلہ

ڈپٹی کمشنر کی اختتامی تقریبات میں شرکت،انعامات تقسیم

تعلیمی رپورٹر | قافلہ نیوز ڈاٹ کام



رحیم یار خان : گورنمنٹ خواجہ فرید پوسٹ گریجویٹ کالج میں حضرت غلام فریدؒ سے منسوب تین روزہ فرید میلہ اپنی رنگا رنگ تقریبات و رعنائیوں کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا۔اختتامی روز فرید میلہ میں لگائے جانے والے سٹالز کا افتتاح ڈپٹی کمشنر جمیل احمد جمیل نے ایم پی اے چوہدری آصف مجید ، سجادہ نشین درگاہ عالیہ کوٹ مٹھن شریف خواجہ معین الدین محبوب کوریجہ کے ہمراہ کیا ۔اس موقع پرنسپل ادارہ پروفیسر ڈاکٹر اجمل بھٹی، ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز سعدیہ رشید، انفارمیشن سیکرٹری پی ٹی آئی شمیل مرزا سمیت دیگر موجود تھے۔چوتھے فرید میلہ میں گورنمنٹ خواجہ فرید پوسٹ گریجویٹ کالج میں زیر تعلیم طلباء و طالبات نے بھر پور انداز سے شرکت کرتے ہوئے تقریبات کا چار چاند لگا دیئے، مختلف تعلیمی شعبوں سے تعلق رکھنے والے طلباء وطالبات کی جانب سے فرید میلہ میں فوڈ سمیت ثقافتی اور علاقائی سٹالز بھی لگائے گئے تھے جن کا مہمانان گرامی نے دورہ کرتے ہوئے طالبعلموں اور ادارہ کے اساتذہ کی کاوشوں کو سراہا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رکن صوبائی اسمبلی پنجاب چوہدری آصف مجید نے کہا کہ تعلیم کے بغیر کوئی قوم ترقی اور خوشحالی کی منازل طے نہیں کر سکتی، جب ہماری نسلیں اعلیٰ تعلیم یافتہ ہونگی تو یہ اپنی قومی، سماجی اور معاشی ذمہ داریاں احسن طریقے سے انجام دیں گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کا فوکس نظام تعلیم کو بہتر بنانا اور صحت کی سہولیات عوام کی دہلیز تک پہنچانا ہے۔انہوں نے کہا کہ پہلے بھی تعلیمی اداروں کی بہتری کے لئے اقدامات کئے اور اب بھی خواجہ فرید پوسٹ گریجویٹ کالج میں عدم دستیاب سہولیات کی فراہمی کے لئے اقدامات ترجیحی بنیادوں پر اٹھائے جائیں گے۔

ڈپٹی کمشنر جمیل احمد جمیل نے کہا کہ صوفیا ء کرام نے اپنے پیغامات میں ہمیشہ امن و چاشتی اور محبت کا درس دیا اور ہماری خوش قسمتی ہے کہ ہمارا تعلق اس خطہ سے ہے جس میں حضر ت خواجہ غلام فرید ؒ جیسی بزرگ روحانی شخصیت نے اپنے فیض و برکات سے اس علاقہ میں اسلام کی شمع کو روشن کیا۔انہوں نے گورنمنٹ خواجہ فرید پوسٹ گریجویٹ کالج کے پرنسپل اورپروفیسرز کی جانب سے فرید میلہ کے کامیاب انعقاد کو سراہتے ہوئے کہا کہ خواجہ فرید کالج اس ضلع کی قدیمی درسگاہ ہے جس میں سہولیات کی فراہمی کے لئے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو منظم کرکے ان کی صلاحیتوں کے مثبت استعمال کے لئے ایسی تقریبات کا انعقاد خوش آئند ہے۔انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ مثبت سرگرمیوں کی جانب نوجوان نسل کو راغب کرنے کے لئے عملی اقدامات کر رہی ہے اور اعلیٰ کارکردگی دکھانے والے نوجوانوں کی ہر سطح پر حوصلہ افزائی کی جائے گی۔

سجادہ نشین درگاہ عالیہ کوٹ مٹھن شریف خواجہ معین الدین فرید کوریجہ نے ضلعی انتظامیہ اور پرنسپل خواجہ فرید کالج کی جانب سے حضرت خواجہ غلام فریدؒ کا پیغام عام کرنے کے لئے اٹھائے جانے والے اقدامات کو سراہا۔قبل ازیں پرنسپل ادارہ پروفیسر ڈاکٹر مبارک علی چوہدری نے خطبہ استقبالیہ دیتے ہوئے کالج میں زیر تعلیم طالبعلموں کو درپیش مسائل بارے آگاہ کرتے ہوئے ان کے فوری حل کا مطالبہ کیا اور مختلف امتحانی نتائج میں بہترین کارکردگی دکھانے والے شعبوں بارے آگاہ کیا۔تقریب کے اختتام پر کالج انتظامیہ کی جانب سے مہمانان گرامی کو یادگاری شیلڈز بھی پیش کی گئی۔

Show More

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے