شاہینوں نے جنوبی افریقہ کو 8وکٹوں سے ہرا دیا

عثمان شنواری کی 7اوورز میں 4وکٹیں،مین آف دی میچ قرار

ویب ڈیسک| 27جنوری 2019


جوہنسبرگ : پاکستان نے امام الحق کی عمدہ بیٹنگ اور باؤلرز کی شاندار کارکردگی کی بدولت جنوبی افریقہ کو چوتھے ون ڈے میچ میں یکطرفہ مقابلے کے بعد 8وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 2-2 سے برابر کردی۔
سرفراز پر پابندی کے بعد پاکستان ٹیم کی قیادت کرنے والے قائم مقام کپتان شعیب ملک نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلرز کو آزمانے کا فیصلہ کیا۔شاہین شاہ آفریدی نے کپتان کو مایوس نہ کیا اور اپنے پہلے ہی اوور میں کوئنٹن ڈی کوک کو پویلین واپسی پر مجبور کردیا جبکہ اننگز کے چھٹے اوور میں ریزا ہینڈرکس کی اننگز کا بھی خاتمہ کردیا۔
18رنز پر دو وکٹیں گرنے کے بعد ہاشم آملا اور کپتان فاف ڈیو پلیسی کی جوڑی وکٹ پر اکٹھا ہوئی اور دونوں کھلاڑیوں نے ذمے دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے تیسری وکٹ کے لیے 101 رنز کی شراکت قائم کر کے ابتدائی نقصان کا ازالہ کردیا۔
اس شراکت کا خاتمہ اس وقت ہوا جب ڈیو پلیسی ایک بڑا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں شاداب خان کا شکار بن گئے، انہوں نے آؤٹ ہونے سے قبل 57رنز بنائے۔پاکستان کو جلد ہی ایک اور بڑی کامیابی ملی جب عماد وسیم نے 59رنز بنانے والے تجربہ کار ہاشم آملا کی وکٹیں بکھیر دیں۔
ہاشم آملا کے آؤٹ ہوتے ہی پاکستانی باؤلرز نے عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے میزبان ٹیم کی بیٹنگ لائن کو تہس نہس کرتے ہوئے 161 رنز پر پوری ٹیم کو ٹھکانے لگا دیا۔جنوبی افریقہ کی بیٹنگ لائن کی ناکامی کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ آخری پانچ وکٹیں صرف 5 رنز کے اضافے سے گریں۔
پاکستان کی جانب سے عثمان شنواری 4 وکٹیں لے کر سب سے کامیاب باؤلر رہے جبکہ شاداب خان اور شاہین آفریدی نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔


عثمان شنواری کی گیند پر جنوبی افریقہ کے ڈیل اسٹین کے باؤلڈ ہونے کا منظر— فوٹو: اے ایف پی


ہدف کے تعاقب میں فخر زمان اور امام الحق پر مشتمل اوپننگ جوڑی نے ٹیم کو 70رنز کا آغاز فراہم کر کے فتح کی بنیاد رکھی، فخر 44 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔
امام الحق نے شاندار فارم کا سلسلہ جاری رکھا اور شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے نصف سنچری مکمل کی اور بابر اعظم کے ہمراہ 94رنز کی شراکت قائم کر کے ٹیم کی فتح کو یقینی بنا دیا، وہ 164 کے اسکور پر 71 رن بنانے کے بعد فلکوایو کی وکٹ بنے۔امام الحق نے عمدہ فارم برقرار رکھتے ہوئے 71رنز کی اننگز کھیلی۔
پاکستان نے 32ویں اوور میں دو وکٹوں کے نقصان پر باآسانی ہدف حاصل کر کے پانچ میچوں کی سیریز 2-2 سے برابر کردی۔
یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ جنوبی افریقہ کی ٹیم کو پنک ڈریس میں ون ڈے میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے جہیاں گزشتہ 7 میچوں میں وہ اب تک ناقابل شکست تھے۔عثمان خان شنواری کو عمدہ اسپیل اور شار وکٹیں لینے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا پانچواں اور فیصلہ کن میچ بدھ کو کیپ ٹاؤن میں کھیلا جائے گا۔

Show More

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے