نواز شریف جیل سے ہسپتال منتقل

ویب ڈیسک | 02فروری 2019

لاہور: کوٹ لکھپت جیل حکام نے میاں نوازشریف کو سروسز ہسپتال منتقل کردیا۔محکمہ داخلہ پنجاب نے کوٹ لکھپت جیل انتظامیہ کو مراسلہ بھجوایا تھا جس میں سابق وزیراعظم کو جیل سے ہسپتال منتقل کرنے کی باقاعدہ اجازت دی گئی۔مراسلے میں نوازشریف کو لاہور کے سروسز ہسپتال منتقل کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔محکمہ داخلہ کی اجازت کے بعد کوٹ لکھپت جیل حکام نے سابق وزیراعظم کو جیل سے لاہور کے سروسز ہسپتال منتقل کردیا ہے۔میڈیکل بورڈ نے نوازشریف کی ناساز طبعیت کے پیش نظر انہیں جیل سے باہر ہسپتال منتقل کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
ذرائع کےمطابق سروسز ہسپتال کا تین رکنی میڈیکل بورڈ نوازشریف کا معائنہ کرے گا۔ہسپتال میں نواز شریف کے لیے وی وی آئی پی روم تیار کیا گیا ہےجبکہ ویٹنگ ایریا بھی بنایا گیا ہے۔کمرے کو سب جیل قرار دیا گیا ہے جبکہ ایک ملازم رکھنے کی اجازت بھی دے دی گئی ہے۔ایک ڈی ایس پی، دو انسپکٹر اور 80اہلکار ایک شفٹ میں سکیورٹی کے لیے ڈیوٹی دیں گے۔
یاد رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف احتساب عدالت کی جانب سے العزیزیہ ریفرنس میں سنائی گئی 7 سال قید کی سزا کاٹ رہے ہیں۔
کوٹ لکھپت جیل میں نواز شریف کا چند روز قبل جیل میں ڈاکٹروں کی ایک ٹیم نے طبی معائنہ کیا تھا جس میں امراض قلب کے ماہرین بھی شامل تھے۔
مختلف میڈیکل ٹیسٹ کے لیے جناح ہسپتال بھی نمونے بھجوائے گئے تھے جبکہ دل کے ٹیسٹ کے لیے سابق وزیراعظم کو پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی (پی آئی سی) منتقل کرنے کا مشورہ دیا گیا تھا۔
پی آئی سی میں نواز شریف کا طبی معائنہ کیا گیا، جہاں ان کے خون کے نمونے لینے کے ساتھ ساتھ دل کے 3 ٹیسٹ (ای سی جی، ایکو اور تھیلیم ٹیسٹ) کیے گئے۔ایکو کی رپورٹ میں نواز شریف کے دل کا سائز معمول سے بڑا پایا گیا جب کہ دل کے پٹھوں کے موٹے ہونے کی بھی نشاندہی کی گئی تھی۔جس پر سینئر ڈاکٹرز کی جانب سے سابق وزیراعظم کو ہسپتال منتقل کرنے کی تجویز دی گئی تھی۔نواز شریف کو سخت سکیورٹی میں کوٹ لکھپت جیل سے جیل روڈ پر واقع سروسز ہسپتال منتقل کیا گیا۔اس موقع پر کارکنوں کی بڑی تعداد ہسپتال کے باہر موجود تھی جو اپنے پارٹی قائد کے حق میں نعرے لگاتے رہے۔
ادھر نجی ٹی وی چینل کے مطابق سروسز ہسپتال میں نواز شریف کی شام کی چاۓ کے ساتھ سموسوں،دہی کی چٹنی،شامی کباب،سیخ کباب اورکیچپ سے تواضع کی گئی۔

Show More

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے