رحیم یارخان میں خونخوار کتوں نے طالب علم کی جان لے لی

چک 117پی میں 10سالہ ثقلین کو کتوں نے نوچ نوچ کر مار ڈالا

رحیم یار خان(یونس وکی) رحیم یارخان کے نواحی علاقے چک 117میں خونخوار کتوں نے 10سالہ طالب علم کو نوچ نوچ کر مار ڈالا،جبکہ ایک بچہ شدید زخمی ہوگیا۔آوارہ کتوں کے حملے میں طالب علم کی ہلاکت کے بعد علاقہ میں خوف و ہراس پھیل گیا۔بتایا جاتا ہے کہ آوارہ کتوں کے انسانوں پر حملے کا یہ تیسرا واقعہ ہے لیکن ضلعی انتظامیہ نے اس صورت حال پر کوئی نوٹس نہیں لیا۔تفصیلات کے مطابق چک 117 پی میں بچے سکول سے چھٹی کے بعد گھر جارہے تھے جن پر خونخوار آوارہ کتوں نے حملہ کردیا۔کتے 10سالہ ثقلین علی کو نوچ نوچ کر کھاتے رہے جس سے
معصوم طالب علم موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا جبکہ 6 سالہ نعمان شدید زخمی ہوگیا جسے اہل علاقہ نے شیخ زید ہسپتال منتقل کردیا ہے۔ رواں ماہ کے دوران کتوں کے کاٹنے کا یہ تیسرا واقعہ ہے،جس میں مرنے والوں کی تعداد 2 ہوگئی،کتوں کے حملوں میں انسانی اموات پر ضلعی انتظامیہ نے ابھی تک کوئی نوٹس نہیں لیا۔اس سلسلہ میں متعدد بار ڈپٹی کمشنر سے رابطے کی کوشش کی گئی لیکن ان سے رابطہ نہیں ہوسکا ہے۔ادھر اہل علاقہ نے شدید احتجاج کرتے ہوۓ کہا ہے کہ کتوں کے کاٹنے سے طالب علم کی ہلاکت کوئی معمولی واقعہ نہیں ہے یہ بہت تشویشناک بات ہے لیکن اس پر ضلعی انتظامیہ نے چپ سادھ رکھی ہے۔آوارہ اور خونخوار کتوں کے غول کے غول گلی محلوں میں گھومتے پھرتے ہیں لیکن ان کی تلفی کے لیے کوئی اقدامات نہیں اٹھاۓ جارہے ہیں۔انہوں نے وزیراعلی پنجاب سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

Show More

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے