بک ایکسپو کے آخری دن کیا خریدا جائے ؟

محمد عامر خاکوانی

محمد عامر خاکوانی


آج منگل5فروری کو لاہور بک ایکسپو کا آخری دن ہے ۔ مکتبہ جدید کے بارے میں پہلے لکھا تھا، انہوں نے حسن عسکری صاحب کے شاندار تراجم شائع کئے ہیں، عرب ادیب محمد حسین ہیکل کی سیرت اور صحابہ پر کتابیں بھی موجود ہیں، اور بھی بہت کچھ ایسا جو آپ کو خریدنے پر مجبور کر دے۔ شیخ غلام علی اینڈ سنز بھی بہت پرانا ادارہ ہے، ان کی پرانی کتابیں اب پھر سے شائع ہوئی ہیں۔ چاروں آئمہ فقہ کے علاوہ امام جعفر صادق رحمتہ اللہ پر شاندار کتابیں موجود ہیں۔
سرکاری، نیم سرکاری اداروں کے سٹالز کا چکر ضرور لگائیں۔ نیشنل بک فائونڈیشن نے بہت اچھی کتابیں نہایت سستے داموں چھاپ رکھی ہیں۔ صرف سو روپے دے کر آپ ان کا کارڈ بنوا سکتے ہیں اورپھر اس کارڈ پر سنگ میل کی کتابیں بھی پچاس فیصد میں لی جا سکتی ہیں، یاد رہے کہ سنگ میل سے بیس تیس فیصد سے زیادہ کتاب ملنی مشکل ہے۔ مجلس ترقی ادب نے بہت سی اچھی کتابیں چھاپی ہیں، لوگ سمجھتے ہیں کہ شائد یہ آئوٹ آف پرنٹ ہیں، ایسا نہیں ہے۔ وہاں چکر لگائیے گا۔ اردو سائنس بورڈ ، اقبال اکیڈمی پر بھی کچھ وقت گزاریں۔ عربی ادب، کلچر، حکایات میں دلچسپی رکھنے والے اردو سائنس بورڈ سے بلوغ العرب ضرور لیں، دعائیں دیں گے۔ سنگ میل نے تقریباً سب اچھے لکھاریوں کی کتابیں شائع کر رکھی ہیں، وہاں ضرور چکر لگائیں۔ فیروز سنز سے بچوں کے لئے بہت اچھی کہانیاں دستیاب ہیں۔ ایسی جو ہم نے اپنے بچپن میں پڑھیں، اب اپنے بچوں کو پڑھانا چاہیں۔
فکشن ہائوس، نگارشات، الفیصل سے بہت سی اچھی کتابیں چالیس پچاس فیصد رعایت سے مل جائیں گی، وہاں چکر لگائیں یقینی طور پر کتابیں آپ کو پسند آئیں گی۔ خاص کر تاریخ، سیاست سے دلچسپی رکھنے والوں کو فکشن ہائوس کا چکر لگانا چاہیے ۔ ہیرالڈ لیم کی کئی کتابیں انہوں نے ترجمہ کرا رکھی ہیں، چنگیز خان، بابر، امیر تیمور، قبلائی خان وغیرہ، صلاح الدین ایوبی۔ ہیرالڈ لیم کی کتابیں پڑھنے سے تعلق رکھتی ہیں، اتنے آسان، دلچسپ انداز میں تاریخ کو بیان کرنا اس پر ختم ہے۔ کلدیپ نیئر کی آپ بیتی ، پابلو نرودا کی داستان حیات بھی فکشن ہائوس نے شائع کی ہے۔ نگارشات سے بھی خاص کچھ مل جائے گا۔
ریڈنگز کے سٹالز سے انگریزی کتابیں مل جائیں گی، ریڈنگز نے متعدد سٹالز لے کر اپنا رنگ انوکھے انداز میں جمایا ہے۔ مولانا وحید الدین خان، جاوید احمد غامدی، ڈاکٹر اسرار احمد، اکرم اعوان اور بعض دیگر سکالرحضرات کے اپنے الگ سٹالز ہیں۔  قاسم علی شاہ کا بھی الگ سے سٹال ہے۔ جب زندگی شروع ہوگی کے مصنف ابویحیحیٰ کی تمام کتابیں ان کے سٹال انذار سے لی جا سکتی ہیں۔ بچوں کے لئے نظموں، بولتی کتابوں وغیرہ کے بھی بہت سے سٹال ہیں۔ بچوں کی کہانیوں کے کئی سٹال ہیں جہاں ضرور جانا چاہیے۔ عمیرہ احمد کے پبلی کیشن ہائوس الف کتاب نے بھی سٹال لگایا ہے، وہاں ان کے ناولوں کے علاوہ ، بچوں کی کہانیاں بھی ہیں، اسی ادارے نے جگن کاظم کی ایک بہت دلچسپ کتاب شائع کی ہے، جگن نے اپنے بچے کی ولادت کے حوالے سے یہ بلاگ لکھے ہیں۔ شیرخوار بچوں کی مائوں کو یہ کتاب ضرور پڑھنی چاہیے، بہت فائدہ ہوگا۔ عکس پبلی کیشنز کتاب محل سے مولانا زاہد الراشدی اور عمار ناصر کی کتابیں دستیاب ہیں۔ انہوں نے حسن عسکری صاحب کی جدیدیت کے حوالے سے ایک کتاب بھی شائع کی ہے۔ بھارتی ادیب انیس اشفاق کا نیا ناول بھی اسی ادارے نے شائع کیا ہے۔
مجھے افسوس ہے کہ اس بار جمہوری کا سٹال نہیں۔ ترکی ادب پر بیش بہا کتابیں ہمارے دوست فرخ سہیل گوئندی نے شائع کی ہیں۔ بک کارنر جہلم کا سٹال بھی موجود نہیں۔ انہوں نے بھی حال ہی میں بہت سی اچھی کتابیں شائع کی ہیں۔ لگتا ہے یہ دونوں ادارے آن لائن آرڈرز پر زیادہ فوکس کر رہے ہیں۔

Show More

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے