افغانستان سے غیرملکی فوجیں نکالنے پر اتفاق ہوگیا

ویب ڈیسک | 07فروری 2019


فوٹو:اے ایف پی


ماسکو: ماسکو کانفرنس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے جس میں افغانستان سے غیر ملکی افواج کے مکمل انخلا پر اتفاق کرتے ہوئے یقین دلایا گیا کہ افغان سرزمین کسی دوسرے ملک کے خلاف استعمال نہیں کی جائے گی۔روس کے دارالحکومت ماسکو میں مسئلہ افغانستان پر دو روز تک امن مذاکرات ہوئے جن میں افغانستان کی سیاسی جماعتوں، سابق صدر حامد کرزئی سمیت نمایاں سیاست دانوں اور طالبان کے نمائندوں نے شرکت کی تاہم کابل حکومت کا کوئی نمائندہ شریک نہیں ہوا۔کانفرنس کے اختتام پر جاری کردہ اعلامیہ میں افغانستان میں پائیدار امن کے لیے امریکا اور اس کی اتحادی افواج کے مکمل انخلا پر زور دیتے ہوئے کہا گیا کہ دنیا کے تمام ممالک افغانستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت سے گریز کریں۔ افغان فریقین نے عالمی برادری کو یقین دہانی کرائی کہ غیر ملکی افواج کے انخلا کے بعد افغان سرزمین کسی دوسرے ملک کے خلاف استعمال نہیں کی جائے گی۔

شرکاء نے ملک کے لیے اسلامی اصولوں کی روشنی میں افغان خواتین کے حقوق کے تحفظ اور شہریوں کے آزادی اظہار رائے کے حق کو یقینی بنانے پر بھی اتفاق کیا جبکہ افغانستان کی تعمیر نو کے لیے مالی معاونت کی ضرورت پر زور دیا۔اجلاس میں طالبان رہنماؤں کا نام اقوام متحدہ کی بلیک لسٹ سے نکالنے، قطر میں ان کے باضابطہ سیاسی دفتر کے قیام اور قیدیوں کی رہائی پر بھی اتفاق کیا گیا۔

Show More

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے