ناراض ہونے کا فائدہ،ق لیگ کو پنجاب میں ایک اور وزارت مل گئی

باؤ رضوان نے صوبائی وزیر کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا

ویب ڈیسک | 08فروری 2019

لاہور: مسلم لیگ (ق) اور تحریک انصاف میں گلے شکوے ختم ہوگئے۔ق لیگ کو پنجاب میں ایک اور وزارت مل گئی۔اس سلسلہ میں پنجاب کابینہ میں مسلم لیگ (ق) کے رکن اسمبلی باؤ رضوان نے صوبائی وزیر کی حیثیت سے حلف اٹھالیا۔گورنرہاؤس لاہورمیں مسلم لیگ (ق) کے رکن اسمبلی باؤ رضوان نے وزیرکی حیثیت سے حلف اٹھایا۔ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرورنے حلف لیا۔ حلف برداری کی تقریب میں وزیراعلی پنجاب سردارعثمان بزدار، تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری جنرل ارشد داد سمیت صوبائی وزرا اوراعلی انتظامی حکام نے شرکت کی۔باؤ رضوان کے حلف اٹھانے کے بعد پنجاب کابینہ میں مسلم لیگ (ق) کے وزرا کی تعداد 2 ہوگئی۔ مسلم لیگ (ق) کواسپیکر پنجاب اسمبلی اورایک پارلیمانی سیکرٹری کا عہدہ بھی دیا جا چکا ہے جب کہ مسلم لیگ (ق) کو قائمہ کمیٹیوں کی چئیرمین شپ میں بھی نمائندگی دی جائے گی۔
واضح رہے کہ تحریک انصاف اورمسلم لیگ (ق) کے درمیان اختلافات بتدریج بڑھ رہے تھے ، ان ہی کی وجہ سے مسلم لیگ (ق) کے صوبائی وزیر معدنیات حافظ عمار نے اپنا استعفیٰ پارٹی قیادت کو دے دیا تھا۔قبل ازیں گورنر پنجاب نے چودھری مونس الٰہی سے ملاقات میں ایک اور وزارت دینے کا اعلان کیاتھا۔دونوں رہنماوں کی ملاقات میں ملک کی موجودہ سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا کہ ہے کہ باؤ رضوان کو وزارت ملنے کے بعد (ق) لیگ کے حافظ عمار یاسر بھی اپنا استعفیٰ واپس لے لیں گے۔ حافظ عمار یاسر کو بھی ان کے تحفظات دور کروانے کی یقین دہانی کروا دی گئی ہے۔گورنر پنجاب چودھری محمد سرور کا کہنا ہےکہ اتحادیوں کے ساتھ مل کر عمران خان کے ویژن کے مطابق عوامی مسائل حل کریں گے۔ چودھری پرویز الٰہی منجھے ہوئے سیاستدان ہیں اتحادیوں کے ساتھ مضبوط تعلقات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں پہلی دفعہ اداروں کو سیاسی مداخلت سے پاک کر دیا۔

Show More

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے