میونسپل کمیٹیوں کے چئیرمین سیوریج اور صفائی کے مسائل حل کریں:ڈپٹی کمشنر رحیم یارخان

رحیم یارخان (قافلہ نیوز)ڈپٹی کمشنر جمیل احمد جمیل سے ضلع کی 7میونسپل کمیٹیز کے چیئرمینز نے ملاقات کی۔اس موقع پرسیوریج، صفائی، واٹر سپلائی، تجاوزات سمیت دیگر اہم امور زیر غور آئے۔اجلاس میں چیئرمین میونسپل کمیٹی رحیم یار خان میاں اعجاز عامر، چیئرمین میونسپل کمیٹی صادق آباد چوہدری شفیق پپا، چیئرمین میونسپل کمیٹی کوٹسمابہ سید محمود الحق بخاری، چیئرمین میونسپل کمیٹی ترنڈہ سوائے خان سردار فیصل عباس خان عباسی، چیئرمین میونسپل کمیٹی خانپور، شہزاد انور، چیئرمین میونسل کمیٹی لیاقت پورچوہدری راشد رفیق ، چیئرمین میونسپل کمیٹی ظاہر پیر میر نذیر خان اور عبدالصبور چوہدری بھی موجود تھے۔
ڈپٹی کمشنر جمیل احمد جمیل نے کہا کہ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی میں سب سے اہم اور کلیدی کردار میونسپل کمیٹیز کا ہے اور انتظامیہ عوامی مسائل کے خاتمہ اور انہیں بنیادی سہولیات کی فراہمی میں میونسپل کمیٹیز کے چیئرمینز کے ساتھ اپنا مکمل تعاون یقینی بنائے گی۔انہوں نے کہا کہ تمام چیئرمین میونسپل کمیٹیز عوامی مسائل کے حل اور انہیں سہولیات پہنچانے کے لئے مقامی ارکان پارلیمنٹ کے ساتھ مکمل رابطہ رکھیں اور باہمی مشاورت و تعاون سے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے جاری حکومتی کوششوں میں اپنا بھر پور کردار ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ سیوریج، صفائی، واٹر سپلائی کے حوالہ سے عوام کو مشکلات کا سامنا ہے جس کے ازالہ کے لئے تمام چیئرمین اپنے دستیاب وسائل کو بروئے کار لائیں اور اپنی میونسپل کمیٹیز میں سیوریج کے مسائل کو ختم اور صفائی امور بہتر بنانے میں کردار اد اکریں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق تجاوزات کے خاتمہ اور کلین اینڈ گرین پاکستان مہم کے تحت وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر شجرکاری کے فروغ میں بھی اپنی بھر پور شراکت داری کو یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ میونسپل کمیٹیز کو درپیش مسائل کے خاتمہ کے لئے ارکان پارلیمنٹ کے تعاون سے وسائل فراہم کرنے کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔انہوں نے لیاقت پور میں روہی امن میلہ اور فروری میں جشن بہاراں میلہ کے انعقاد میں بھی میونسپل کمیٹیز کے چیئرمینز کو اپنا بھر پور کردار اد اکرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
اس موقع پر میونسپل کمیٹیز کے چیئرمینز کی جانب سے اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی۔میاں اعجاز عامر نے کہا کہ میونسپل کمیٹی رحیم یار خان جشن بہاراں میلہ میں اپنا مکمل تعاون فراہم کرے گی جبکہ شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے بھی انتظامیہ اور ارکان پارلیمنٹ کے ساتھ ہے۔سید محمود الحق بخاری نے کہا کہ بڑھتی ہوئی آبادی کے باعث میونسپل کمیٹیز کے پاس وسائل کم ہیں جس کی وجہ سے مسائل کا سامنا ہے ارکان پارلیمنٹ میونسپل کمیٹیز کی استعداد کار میں اضافہ کے لئے اپنا کردار ادا کریں ہم مکمل طور پر ارکان پارلیمنٹ کے ساتھ مل کر شہریوں کے مسائل حل کرنے میں کردار ادا کرنے کو تیار ہیں۔

Show More

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے