ملائیشیا اور انڈونیشیا کا دورہ منسوخ،سعودی ولی عہد بھارت پہنچ گئے

ویب ڈیسک | اپ ڈیٹ 19فروری 2019

نئی دہلی: سعودی ولی عہد محمد بن سلمان دورہ جنوبی ایشیا کے دوران بھارتی دارالحکومت نئی دہلی پہنچ گئےہیں۔نئی دہلی کے ایئرپورٹ پر بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کا استقبال کیا۔خیال رہے کہ سعودی ولی عہد اپنے دورہ ایشیا پر ہیں جہاں وہ جنوبی ایشیا اور مشرقی ایشیا کی اہم ریاستوں میں چند روز قیام کرنے کے ساتھ ساتھ اہم معاہدے بھی کر رہے ہیں۔محمد بن سلمان دورہ نئی دہلی کے دوران بھارتی وزیرِاعظم نریندر مودی سمیت اہم بھارتی شخصیات سے دوطرفہ امور پر بات چیت کریں گے۔
عرب ویب سائٹ عربیئن بزنس کی رپورٹ کے مطابق بھارت اور سعودی عرب کے درمیان دوطرفہ تجارت کا حجم 27 ارب 48 کروڑ ڈالر سے زائد ہے جو نئی دہلی کو ریاض کا چوتھا بڑا تجارتی شراکت دار بناتا ہے۔بھارتی ویب سائٹ ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کےمطابق دونوں ممالک کے درمیان اربوں ڈالر کے 5 معاہدوں سے متعلق مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے جائیں گے۔
ادھر ملائیشین ویب سائٹ مالائی میل کی رپورٹ کے مطابق سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے اپنا دورہ ملائیشیا اور انڈونیشیا منسوخ کردیا۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ سعودی ولی عہد نے ملائیشیا سے نئے معاہدے کرنے تھے جبکہ اس دوران انہوں نے آئل ریفائنری اور پیٹرو کیمیکل کمپلیکس کا افتتاح کرنا تھا۔
واضح رہے کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے جنوبی اور مشرقی ایشیا کے دورے کے آغاز پاکستان سے کیا تھا، جہاں سے دورہ مکمل کرنے کے بعد وہ واپس سعودی عرب روانہ ہوگئے تھے۔
محمد بن سلمان کا دورہ پاکستان کے دوران نور خان ایئربیس پر تپاک استقبال کیا گیا اور انہیں جیٹ طیاروں نے سلامی بھی دی۔
وزیرِ اعظم عمران خان کے ہمراہ گفتگو کرتے ہوئے سعودی ولی عہد کا کہنا تھا کہ پاکستان میں 2018 میں 5 فیصد ترقی ہوئی، پاکستان کے پاس دنیا کی بڑی معیشت بننے کی اہلیت ہے۔سعودی ولی عہد نے کہا کہ پاکستان جیواسٹریٹیجک اعتبار سے اہم ملک ہے، آج کا دن روشن مستقبل کی شروعات ہے اور عمران خان کی قیادت میں پاکستان ترقی کررہا ہے۔وزیرِ اعظم پاکستان نے کہا کہ سعودی ولی عہد کی جانب سے خود کو پاکستان کا سفیر کہنا اعزاز کی بات ہے اور سوشل میڈیا پر محمد بن سلمان کے بیان کو بے حد سراہا گیا۔

Show More

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے