بارشیں جاری:جنوبی پنجاب میں چھتیں گرنے سے 3 بچوں سمیت 8 افراد جاں بحق

بلوچستان میں موسلا دھار بارش کے باعث ندی اور نالوں میں شدید طغیانی

ویب ڈیسک : 21 فروری 2019



لاہور،ملتان،کوئٹہ : ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں نے تباہی مچا دی، ملتان، راجن پور اور روجھان میں بارش کے باعث چھتیں گرنے سے 3 بچوں سمیت 8 افراد جاں بحق اور 4 زخمی ہوگئے۔بتایا جاتا ہے کہ ملتان میں بدھلہ روڈ پر بارش کے باعث گھر کی خستہ حال چھت گر گئی، ملبے تلے دبنے سے ماں اور 3 بچے جاں بحق ہوگئے جبکہ 14 سالہ ثمرہ اور 60 سالہ خاتون کو تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ادھر راجن پور کی تحصیل روجھان کی بستی اللہ بخش سنجرانی میں گزشتہ روز سے جاری بارش کے باعث محنت کش کے مکان کی چھت گر گئی، حادثے میں میاں، بیوی جاں بحق جبکہ 2 افراد بھی زخمی ہوگئے۔بارش کے باعث شیخوپورہ میں بھی افسوسناک واقعہ پیش آیا، نوحی علاقے لالکے میں گھر کی چھت گرنے سے میاں، بیوی جاں بحق ہوگئے۔
بلوچستان میں لسبیلہ اور گردونواح میں گزشتہ شب سے جاری موسلا دھار بارش کے باعث ندی اور نالوں میں شدید طغیانی آگئی۔ ٹریفک معطل ہونے کی وجہ سے سینکڑوں مسافر پھنس گئے، کھانٹا ندی کا سیلابی ریلا محلہ ریسٹ ہاؤس کے گھروں میں داخل ہو گیا۔ پورالی ندی کے کنارے آباد لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت نقل مکانی شروع کر دی ہے۔
وایارو کے قریب آر سی ڈی شاہراہ سے بڑا سیلابی ریلا گزر رہا ہے۔ سیلابی صورتحال کے باعث لسبیلہ میں ایمر جنسی نافذ کر دی گئی ہے جبکہ کمشنر قلات کی نگرانی میں ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ ایف سی پاکستان کوسٹ گارڈز، پاکستان نیوی اور ایدھی کی امدادی ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں پہنچ گئی ہیں۔ ریسکیو آپریشن میں سپیڈ بوٹس کشتیاں اور پاک آرمی و حکومت بلوچستان کے ہیلی کاپٹر استعمال کئے جائیں گے۔ادھر لاہور، گوجرانوالہ، نارووال، دیپالپور، منڈی بہاؤالدین، رحیم یارخان،سکھر،صادق آباد،خان پور،لیاقت پور،بہاول پور سمیت ملک کے مختلف حصوں میں بھی بارش نے جل تھل ایک کر دیا۔ رات گئے وقفے وقفے سے جاری رہنے والی بارش سے نشیبی علاقے ندی نالوں کا منظر پیش کر رہے ہیں، مختلف علاقوں میں بجلی بھی غائب ہے۔ محکمہ موسمیات نے پنجاب، خیبرپختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان میں 26 فروری سے مزید بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کر دی۔ کراچی سمیت سندھ کے دیگر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔
ل باغوں کے شہر لاہور میں موسم کے رنگ نرالے, کہیں دھوپ اور کہیں آسمان سے گرتی بوندوں نے موسم کی رنگینی بڑھا رکھی ہے، محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید بادل برسنے کی پیشگوئی کردی۔ گزشتہ روز سے جاری بارش نے ہر چیز جل تھل کردی، مگرموسم خوشگوار اور حسین ہوگیا، آج سورج اور بادلوں کے درمیان آنکھ مچولی کا کھیل جاری ہے۔ بارش ابھی ختم نہیں ہوئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کےدوران ابر کرم مزید برسے گا۔
ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ آج کم سے کم درجہ حرارت 9 جبکہ زیادہ سے زیادہ 20 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہے گا۔ ہوا میں نمی کا تناسب 94 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔
شہر میں بارش کہیں رحمت بنی تو کہیں زحمت، بارش کے باعث وزیر اعلیٰ پنجاب نے انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت بھی جاری کر دی ہے۔

Show More

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے