سرکاری سکیم کے تحت حج درخواستوں کی آج سے وصولی

Published on:25 February, 2019
اسلام آباد: ( قافلہ نیوز) سرکاری سکیم کے تحت حج درخواستوں کی وصولی آج سے آغاز ہوگیا۔ درخواستیں 14 نامزد بینکوں کی شاخوں میں 6 مارچ تک جمع کرائی جاسکیں گی۔
رواں سال ایک لاکھ 84 ہزار سے زائد پاکستانی عازمین فریضہ حج ادا کریں گے۔ سرکاری سکیم کے تحت عازمین کا انتخاب آئندہ ماہ 8 مارچ کو کمپیوٹرائزڈ قرعہ اندازی کے ذریعے ہوگا۔ سعودی عرب کی جانب سے ملنے والے اضافی کوٹے کی تقسیم کا فیصلہ قرعہ اندازی تک کئے جانے کا امکان ہے۔

رواں برس شمالی ریجن اسلام آباد، پشاور، لاہور، فیصل آباد، سیالکوٹ، ملتان، رحیم یارخان کے حجاج کیلئے 4 لاکھ 36 ہزار 975 روپے جبکہ جنوبی ریجن کوئٹہ کراچی اور سکھر کیلئے 4 لاکھ 26 ہزار 975 روپے کا پیکیج ہوگا اور رو اں برس قربانی اختیاری ہوگی جو حاجی سرکاری سکیم کے تحت قربانی کرناچاہتے ہیں انکو 19 ہزار 451 روپے بھی حج پیکیج میں جمع کرانا ہونگے جبکہ سرکاری سکیم کے تحت 15 ستمبر 2017 کے بعد پیدا ہونے والے نوازئیدہ بچوں کے اخراجات 12 ہزار 910 روپے ہونگے۔

درخواست جمع کرانے کیلئے مشین ریڈ ایبل کمپیوٹرائز ڈ پاسپورٹ، قومی شناختی کارڈ اور میڈیکل سرٹیفکیٹ لازمی قرار دیا گیا ہے۔ پاسپورٹ کی کم ازکم معیاد 10 فروری 2020 تک ہونی چاہئے۔ پاکستان سے سرکاری سکیم کے تحت ایک لاکھ 7 ہزار 526 جبکہ پرائیویٹ سکیم کے تحت 76 ہزار 684 خوش نصیب فریضہ حج کی سعادت حاصل کریں گے۔ پچھلے پانچ سال کے دوران سرکاری سکیم کے تحت حج کرنے والے اس سال درخواست دینے کے اہل نہیں ہونگے۔ حج درخواستیں حبیب بینک، یوبی ایل، نیشنل بینک، ایم سی بی، الائیڈ بینک، بینک آف پنجاب، میزان بینک، بینک الفلاح، بینک الحبیب، زرعی ترقیاتی بینک، فیصل بینک، حبیب میٹروبینک، عسکری بینک اور دبئی اسلامک بینک کی نامزد برانچوں میں جمع کرائی جاسکیں گی۔

Show More

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے