پاک فضائیہ کے شاہینوں کی طرف سے دشمن کے جنگی طیارے مار گرانے پر ملک بھر میں جشن

ویب ڈیسک : بدھ 27 فروری 2019

لاہور: پاک فضائیہ کے شاہینوں کی جانب سے بھارتی طیارے مار گرائے جانے کے بعد ملک بھر میں شہری سڑکوں پر نکل آئے اور پاک فوج زندہ باد کے نعرے لگائے۔لاہور کے مال روڈ پر بھی شہریوں کی بڑی تعداد باہر نکل آئی اور مال روڈ نعرہ تکبیر کے نعروں سے گونج اٹھا، شہریوں نے پاک فوج کے حق میں نعرے بازی کی اور کہا کہ بھارت کی بربادی تک جنگ رہے گی، مودی کی بربادی تک جنگ رہے گی۔
اسلام آباد میں جذبہ حب الوطنی سے سرشار طلبہ نے کثیر تعداد میں ریلی نکالی اور پاک فوج کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ وطن عزیز کی حرمت پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے۔
اوکاڑہ میں بھی پاک فوج کی جانب سے بھارت کو منہ توڑ جواب دینے پر اسکول کے طالب علموں نے پاک فوج کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا اور ملی نغمے گا کر پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہونے کے عزم کا اظہار کیا۔
ساہیوال میں سینکڑوں طلباء اور اساتذہ سڑکوں پر نکل آئے اور پاک فوج زندہ آباد کے نعرے لگائے، طلبا کا کہنا تھا کہ بھارت نے میلی آنکھ سے دیکھا آج انجام دیکھ لیا، پاک فوج نے پاکستانی عوام کے دل جیت لیے۔
راجن پور میں بھی پاک فضائیہ کی جانب سے بھارت کو جواب دینے پر شہریوں نے بھنگڑے ڈالے اور مٹھائیاں تقسیم کیں۔ جھنگ میں بھی پاک فوج سے اظہار یکجہتی کے لئے مقامی اسکول کے بچوں نے ریلی نکالی اور افواج پاکستان کے حق میں نعرے بازی کی، سرگودھا میں بھی پاک فوج سے اظہار یکجہتی کیا اور بھارتی جارحیت کے خلاف ریلی نکالی۔
ملتان میں پاکستان ایئر فورس کی جانب سے بهارت کو دن کی روشنی میں منہ توڑ جواب دینے پر ریلی نکالی گئی، شرکا نے پاک افواج کے حق میں نعرے بازی کی اور ہر قسم کی قربانی دینے کا عہد کیا۔
سرگودھا میں بھی بھارتی طیارے گرائے جانے کی خوشی میں مٹھائیاں تقسیم کی گئیں، شہریوں نے کہا کہ پاک فوج نے بھارت کو منہ توڑ جواب دیا، ہمیں بهی بارڈر پر بهیجا جائے، پاک فوج کے ساتھ مل کر لڑیں گے، مودی کو معلوم نہیں اس نے قوم کو للکارا ہے۔
حیدرآباد میں ہندو برادری کے مرد، خواتین اور بچوں نے پاک فوج کی حمایت اور انڈیا کے خلاف نعرے بازی بھی کی، صدر کے علاقے میں رہائش پذیر ہندو برادری نے خوشی میں مٹھائی تقسیم کی، بھمبر میں بھی بھارتی دہشت گردی کے خلاف ہزاروں افراد سڑکوں پر نکل آئے پاک فوج کے حق میں زبردست نعرہ بازی کی۔
واضح رہے کہ پاکستان نے بھارت کوکرارا جواب دیتے ہوئے 2 بھارتی طیاروں کو مارگرایا جس کے نتیجے میں 2 بھارتی پائلٹس ہلاک ہوگئے جب کہ ایک بھارتی پائلٹ کو گرفتار بھی کرلیا گیا ہے۔

Show More

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے