رحیم یارخان،صادق آباد،خان پور،لیاقت پورمیں ہفتہ صفائی شروع کرنے کی ہدایات

میونسپل کمیٹیز کے چیف افسران صفائی و نکاس آب پر خصوصی توجہ دیں:ڈپٹی کمشنر

ویب ڈیسک : پیر04مارچ 2019
رحیم یارخان : ڈپٹی کمشنر جمیل احمد جمیل نے تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی تحصیلوں میں ہفتہ صفائی کا آغاز کریں اور اس سلسلہ میں میونسپل کمیٹیز، ضلع کونسل اور سیکرٹریز یونین کونسل کو متحرک کریں۔انہوں نے ہدایت کی کہ اسسٹنٹ کمشنرز اپنی تحصیلوں میں میونسپل کمیٹیز کی دستیاب افرادی اور مشینری قوت کا جائزہ لیں جبکہ اپنی تحصیلوں کے سیکرٹریز یونین کونسلز کا اجلاس بلا کر انہیں ہفتہ صفائی بارے ذمہ داریاں تفویض کریں۔انہوں نے کہا کہ ضلع کونسل سیکرٹریز یونین کونسل کے ساتھ اپنا تعاون یقینی بنائے ۔
ڈپٹی کمشنر نے اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ انسداد آوارہ کتا تلفی مہم میں فیلڈ سٹاف کی مانیٹرنگ کریں جبکہ انہوں نے کہا کہ وہ خود بھی مختلف ایریا کے سرپرائز وزٹ کریں گے۔
انہوں نے تمام میونسپل کمیٹیز کے چیف افسران کو بھی ہدایت کی کہ وہ صفائی و نکاس آب پر خصوصی توجہ دیں۔انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر کو بڑے ٹاؤن میں صفائی کے لئے بہتر پلان تشکیل دینے کی ہدایت کی- انہوں نے کہا کہ احمد پور لمہ، سنجر پور، جمالدین والی، کوٹسمابہ، میانوالی قریشیاں ، ظاہر پیر ، چاچڑاں شریف، فیروزہ سمیت تمام بڑی آبادی والے ٹاؤنز پر خصوصی توجہ دی جائے۔

رحیم یارخان کی مزید خبریں


گندم خریداری مراکز پر 10مارچ سے قبل خسرہ گرداوری کی لسٹیں آویزاں کرنے کا حکم


رحیم یارخان : ڈپٹی کمشنر جمیل احمد جمیل کی زیر صدارت گندم خریداری مہم 2019/20کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لئے اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(ریونیو)ڈاکٹر جہانزیب حسین، چاروں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز چوہدری اعتزاز انجم، کاشف ڈوگر، فاروق قمر، آصف اقبال سمیت دیگر نے شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(ریونیو) کو گندم خریداری مہم کا ضلعی سطح پرفوکل پرسن نامزد کرتے ہوئے ہدایت کی کہ اسسٹنٹ کمشنرزاپنی تحصیلوں میں گندم خریداری مہم کے انچارج ہوں گے۔انہوں نے ہدایت کی کہ تمام تحصیلوں کے گندم خریداری مراکز پر 10مارچ سے قبل خسرہ گرداوری کی لسٹیں آویزاں کر دی جائیں اور یہ لسٹیں متعلقہ تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز کے دفاتر میں بھی آویزاں کی جائیں جبکہ خسرہ گرداروی لسٹوں پر کاشتکاروں کے اعتراضات کی صورت میں کاشتکار اپنی تحریری درخواستیں متعلقہ تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز کو جمع کرائیں۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(ریونیو)ڈاکٹر جہانزیب حسین اور اسسٹنٹ کمشنرز نے اپنی تحصیلوں میں گندم خریداری مہم سے متعلق کی جانے والی تیاریوں بارے آگاہ کیا۔

ہاؤسنگ سوسائٹیز کا از سر نو آڈٹ کرانے کے احکامات


 تمام ہاوسنگ سوسائٹیز کا تفصیلی آڈٹ کرانے کا فیصلہ، ضلع و تحصیل سطح پر کمیٹیاں تشکیل

رحیم یارخان: ضلع بھر میں موجود ہاؤسنگ سوسائٹیز کا از سر نو آڈٹ کرانے کے احکامات، 2005سے قبل اور بعد میں بننے والی تمام ہاوسنگ سوسائٹیز کا تفصیلی آڈٹ کرانے کا فیصلہ، ضلع و تحصیل سطح پر کمیٹیاں تشکیل، کمیٹی کی سربراہی متعلقہ تحصیل کے اسسٹنٹ کمشنرز کریں گے جبکہ دیگر ممبران میں نیب، ایف آئی اے، انٹی کرپشن، میونسپل کمیٹیز، میپکو، ضلع کونسل ، سوئی نادرن گیس کے نمائندے شامل ہوں گے۔
کمشنر بہاولپور ڈویژن نیئر اقبال کی زیر صدارت منعقدہ ویڈیو لنک اجلاس میں ملنے والی ہدایات کی روشنی میں ڈپٹی کمشنر جمیل احمد جمیل نے خصوصی اجلاس کی صدارت کی جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(ریونیو)ڈاکٹر جہانزیب حسین، چاروں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز چوہدری اعتزاز انجم، کاشف ڈوگر، فاروق قمر، آصف اقبال، ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ میاں خالد مسعود، چیف افسران ضلع و میونسپل کمیٹیز اور پلاننگ افسران نے شرکت کی۔
ڈپٹی کمشنر نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(ریونیو) ڈاکٹر جہانزیب حسین کوضلع میں فوکل پرسن نامزد کرتے ہوئے ہدایت کی کہ اسسٹنٹ کمشنرز دیگر محکموں سے نمائندے ملنے کے بعد فوری طور پر اپنی تحصیلوں میں مکمل ،غیر مکمل، منظور اور غیر منظور شدہ تمام ہاؤسنگ سوسائٹیز کا آڈٹ کریں گے۔کمیٹی 2005سے قبل مکمل ہونے والی ہاؤسنگ سوسائٹیز کی منظوری میں طے شدہ قواعد و ضوابط اور سرکاری فیسوں کی ادائیگیوں اور ہاؤسنگ سوسائٹیز کی جانب سے اس وقت پیش کئے جانے والے نقشہ، رقبہ ، سہولیات اور متعلقہ اداروں کو عوامی مفاد عامہ کی جگہوں کی منتقلی سمیت سرکاری فیسوں کی ادائیگیوں اور خرید و فروخت کے ریکارڈ کا جائزہ لے گی جبکہ 2005 سے تاحال مکمل ، غیر مکمل، منظور اور غیر منظور شدہ ہاؤسنگ سوسائٹیز کے ریکارڈ کا بھی بریک بینی سے جائزہ لے گی کہ انہوں نے نقشہ کے مطابق سہولیات خریدار وں کو فراہم کی ہیں یا نہیں جبکہ مفاد عامہ کی سہولیات مساجد، قبرستان، سکول، ڈسپنسری ، پارکس،سڑکوں کی ملکیت متعلقہ محکموں کو منتقل کر دی ہیں یا نہیں۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ اسسٹنٹ کمشنرز اپنے دفاتر میں شکایات سیل قائم کریں اور ہاؤسنگ سوسائٹیز سے متعلقہ کسی بھی شکایت کی صورت میں متاثرہ افراد اپنی تحصیل کے اسسٹنٹ کمشنرز کو درخواست جمع کرائیں۔انہوں نے کہا کہ ہاؤسنگ سوسائٹیز میں تاحال زرعی رقبہ ظاہر کرکے خرید و فروخت کی جا رہی ہے جس سے حکومتی خزانے کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ رہا ہے لہذا ایسی تمام بے ضابطگیوں کا باریک بینی سے آڈٹ کیا جائے اور متعلقہ محکموں کی ذمہ داریوں و غفلت کی نشاندہی بھی کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ ضلع و میونسپل کمیٹیز کے بلڈنگ انسپکٹرز اپنی حدود میں کسی بھی غیر منظور شدہ ہاؤسنگ سوسائٹی ، زرعی رقبہ کے متبادل استعمال، کمرشل یا لگثری تعمیرات بارے فوری رپورٹ کریں۔ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ تمام ہاؤسنگ سوسائٹیز کو درجہ بندی کرتے ہوئے پرفارما ڈیزائن کیا جائے اور اسسٹنٹ کمشنرز علیحدہ علیحدہ ہاؤسنگ سوسائٹیز کا ڈیٹاتمام کوائف کے ساتھ جمع کریں۔
قبل ازیں کمشنر بہاولپور ڈویژن کی زیر صدارت اجلاس میں بتایا گیا کہ بعض ہاؤسنگ سوسائٹی کے مالکان نے فی مرلہ رقبہ میں بھی کٹوتی کی ہوئی ہے اور محکمہ ریونیو سے منظور شدہ مرلہ سے کم پیمائش پر مرلہ فروخت کرکے صارفین کو نقصان پہنچا رہے ہیں جبکہ ہر منظو رہونے والی ہاؤسنگ سوسائٹی دستیاب پلاٹس کا 20فیصد منظور کرنے والی اتھارٹی کے نام بطور ضمانت کروائے گی اور جب وہ نقشہ میں فراہم کی جانے والی تمام سہولیات خریداروں کو فراہم کر دے گی تو متعلقہ اتھارٹی وہ 20فیصد پلاٹس ہاؤسنگ سوسائٹیز کو منتقل کر دے گی اور سہولیات فراہم نہ کرنے پر 20فیصدپلاٹس فروخت کرکے اس رقم سے ہاؤسنگ سوسائٹیز میں سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
کمشنر بہاولپور ڈویژن نے ہدایت کی کہ تمام ڈپٹی کمشنرز اپنے افسران اور دیگر اداروں کے ساتھ باریک بینی سے ہاؤسنگ سوسائٹیز کا آڈٹ کرائیں اور اپنی تجاویز بھی فراہم کریں۔

Show More

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے