کسی بھی جارحیت کی صورت میں مادر وطن کا بھر پور دفاع کیا جائے گا:آرمی چیف

ویب ڈیسک : جمعرات 07 مارچ 2019
راولپنڈی : آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ کسی بھی جارحیت اور مہم جوئی کی صورت میں مادر وطن کا بھر پور دفاع کیا جائے گا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید کی زیرصدارت کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی جس میں جیواسٹرٹیجک صورتحال، خطے میں پاک بھارت کشیدگی کے بعد کی صورتحال کاجائزہ لیا گیا اور کانفرنس میں مادروطن کے خلاف کسی بھی قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔


آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈرز کانفرس میں ایل اوسی پر بھارتی فورسزکی جانب سے شہریوں کو نشانہ بنانے پر اور مقبوضہ کشمیرمیں بڑھتی ہوئی بھارتی جارحیت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ بھارتی فورسز کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر مسلسل شہری آبادی کو نشانہ بنانے کاسلسلہ جاری ہے، خطے کے امن کے لیے شہری آبادی کو نشانہ بنانے سے روکنا ضروری ہے جب کہ بھارت ایل او سی پر شہری آبادی کو جان بوجھ کر نشانہ بنا کر صرف آگ بھڑکارہا ہے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق کور کمانڈرز کانفرنس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کسی بھی خطرے سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کاحکم دیتے ہوئے کہا کہ کسی بھی جارحیت اور مہم جوئی کی صورت میں مادر وطن کا بھر پور دفاع کیا جائے گا جب کہ پاکستان امن، ترقی اور استحکام کی جانب گامزن ہے۔

Show More

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے