کراچی: زیر تعمیربلندوبالا عمارت سے گرکر 5 مزدور جاں بحق

ویب ڈیسک : ہفتہ 09مارچ 2019
کراچی : بوٹ بیسن میں ایک زیر تعمیر کثیر منزلہ عمارت پر کام کرنے والے 5 مزدور گر کر جاں بحق ہوگئے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق مزدور زیر تعمیر عمارت پر گلاس لگا رہے تھے کہ ان کی لفٹ کی وائر ٹوٹ گئی، جس کے نتیجے میں مزدور زمین پر آگرے۔واقعے میں 5 مزدور جاں بحق ہوگئے۔پولیس نے جائے حادثہ پر پہنچ کر جاں بحق اور زخمی افراد کو جناح ہسپتال منتقل کیا۔
جاں بحق ہونے والے مزدوروں کی شناخت 30 سالہ عبدالرحمن، 21 سالہ محمد اسد، 32 سالہ فیصل اسلام، 29 سالہ ریاض خان اور30 سالہ ناصر کے ناموں سے ہوئی۔
ایس ایس پی انویسٹی گیشن (جنوبی) طارق دھاریجو کا کہنا تھا کہ واقعہ افسوسناک ہے، قتل بے سبب ہے، ریاست کی جانب سے مقدمے کا اندراج کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ موقع پر کوئی بھی موجود نہیں، سب لوگ موقع سے فرار ہوچکے ہیں، اس کے علاوہ کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی جبکہ شواہد اکھٹے کیے جارہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ کام کے دوران مزدوروں کی حفاظت کے لیے کچھ تھا یا نہیں، اس حوالے سے بھی تحقیقات کی جارہی ہیں۔
بعد ازاں کمشنر کراچی افتخار علی شلوانی نے کہا کہ واقعے کی تحقیقات کی جارہی ہیں، بلڈرز سے پوچھ گچھ بھی کی جائے گی، انہوں نے تصدیق کی کہ واقعے میں 5 مزدور ہلاک ہوئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ واقعے کے بعد عمارت اور اطراف کے علاقے کو بند کردیا گیا ہے جبکہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) کے حکام کے علاوہ دیگر متعلقہ اداروں کو بھی طلب کیا گیا ہے۔علاوہ ازیں زیر تعمیر عمارت کو ڈی سی نے سیل کردیا۔وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بھی واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام سے رپورٹ طلب کرلی۔
ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق وزیراعلیٰ نے مزدوروں کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور حکام سے استفسار کیا کہ عمارت کی تعمیر کی کوالٹی کی کون نگرانی کررہا تھا؟علاوہ ازیں وزیراعلیٰ سندھ نے جاں بحق مزدوروں کے ورثا اور لواحقین کے ساتھ ہر قسم کے تعاون کی ہدایت بھی کی۔

Show More

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے