کچے میں ڈاکوؤں کے خلاف بڑے آپریشن کی تیاریاں

ویب ڈیسک : اتوار 07اپریل 2019

صادق آباد :تحصیل صادق آباد سے ملحقہ کچہ کے دریائی علاقے میں خطرناک ڈاکوئوں کے خلاف پولیس اور رینجرز کا مشترکہ آپریشن شروع ہوگیا۔ترجمان پولیس رحیم یارخان کے مطابق ڈکیت گروہوں کے خلاف آپریشن کے لیے ڈی پی او رحیم یار خان عمر سلامت اور ڈی پی او راجن پور ہارون رشید کی قیادت میں پولیس کی بھاری نفری کچہ میں پہنچ گئی ہے۔ پولیس کو کچہ کے ڈاکوئوں کے خلاف پاک فوج، رینجرز، انٹیلی جنس ایجنسیز، ایس پی یو کی مددحاصل ہے ۔ پولیس اور ایلیٹ فورس کمانڈوز نے ڈاکوئوں کے ٹھکانوں کو گھیرے میں لے لیا ہے اور مورچہ بندی شروع کر دی ہے۔پولیس اور ڈاکوئوں کے درمیان مختلف مقامات پر وقفے وقفے سے فائرنگ کا تبادلہ بھی جاری ہے ۔

پولیس ذرائع کےسندھ پنجاب کے سرحدی علاقے کچہ کوخطرناک ڈاکوئوں سے پاک کرنے کے لیے آپریشن کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔
صادق آباد میڈیا سروس کے مطابق کچہ میں بدنام زمانہ چھوٹو گینگ کی باقیات لٹھانی ڈکیت گینگ،پٹ گینگ،لنڈ گینگ اور سکھانی گینگ کے خلاف پولیس ،رینجرز اور ایلیٹ فورس کا مشترکہ آپریشن جاری ہے۔فورسز نے دریائی علاقہ کچہ کراچی کا مکمل محاصرہ کررکھا ہے اور پولیس کے بارہ مورچوں میں 240 اہلکاروں نے پوزیشنیں سنبھال لی ہیں۔یہ بھی اطلاعات موصول ہوئی ہیں کہ لٹھانی گینگ کا سرغنہ بابا لونگ لٹھائی اپنے درجنوں مسلح ساتھیوں سمیت علاقے میں موجود ہے۔آپریشن میں رینجرز 92 ونگ فرنٹ لائن پر موجود ہےجبکہ اس سے پیچھے ایلیٹ فورس کے دستےہیں۔مقامی ذرائع کے مطابق کچہ جمال میں پولیس نفری اور فورسز کی پیش قدمی نہ ہونے سےلٹھائی گینگ اس علاقے سے محفوظ مقام کی طرف راہ فرار اختیار کرسکتا ہے۔واضح رہے کہ کچہ کے دریائی علاقوں میں ان دنوں گندم کی فصل پک کر تیار ہوچکی ہے اور گندم کٹائی بھی جاری ہے۔

مختلف مقامات پر وقفے وقفے سے فائرنگ کی آوازیں بھی سنائی دے رہی ہیں۔پولیس وینز اور بکتر بند گاڑیوں کی پیش قدمی بھی جاری ہے۔
واضح رہے کہ 2016میں پاک فوج نے کچہ میں بڑے پیمانےپر آپریشن کرتے ہوۓ دہشت کی علامت چھوٹو ڈکیت گینگ کا صفایا کردیا تھا اور چھوٹو گینگ کے سرغنہ غلام رسول عرف چھوٹو نے اپنے مسلح ساتھیوں سمیت پاک فوج کے سامنے ہتھیار ڈال دئیے تھے اور گرفتاری دیدی تھی۔

Show More

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے