گردوغبار کا طوفان،کراچی میں 5 افراد جاں بحق اور 35 زخمی

ویب ڈیسک : پیر 15اپریل 2019

کراچی : سندھ کے صوبائی دارالحکومت کراچی میں تیز ہواؤں اور گردوغبار کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق اور 35 زخمی ہوگئے۔ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق تیز ہواؤں اور گردو غبار کی وجہ سے شہر میں متعدد مقامات پر درخت اور بجلی کے کمبے اُکھڑ گئے۔سڑکوں کو بحال کرنے کے لیے انتظامیہ نے امدادی سرگرمیوں کا آغاز کردیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق حاجی ابراہیم گوٹھ میں مکان کی چھت گرنے سے 5 سالہ لڑکی جاں بحق ہوگئی، اس کے علاوہ مزار قائد کے قریب پیپلز چورنگی پر درخت گرنے سے ایک اور بچہ جاں بحق ہوگیا۔
جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر (جے پی ایم سی) کے شعبہ حادثات کی سربراہ ڈاکٹر سیمی جمالی کا کہنا تھا کہ 36 زخمی افراد کو ہسپتال منتقل کیا گیا جن میں سے ایک گزشتہ رات دم توڑ گیا۔
علاوہ ازیں لیاری کے علاقے چاکیواڑہ میں مدرسے کی چھت گرگئی جبکہ سرجانی ٹاؤن میں مکان اور دو اسکولوں کو نقصان پہنچا۔
دوسری جانب کراچی کوئٹہ ہائے وے پر متعدد حادثات کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔
رپورٹ کے مطابق تیز ہواؤں کی وجہ سے ایک پولیس وین، ایک مسافر بس اور ایک ٹرک حادثے کا شکار ہوا، مسافر بس کے تمام مسافر کوئٹہ سے کراچی آرہے تھے۔
پولیس اور لیویز اہلکاروں نے اپنی مدد آپ کے تحت زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کیا، انہیں طبی امداد دینے کے بعد کراچی ریفر کردیا گیا۔بعد ازاں وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کراچی کے تمام ڈویژنل کمشنرز کو ہدایات جاری کیں کہ وہ موجودہ حالات میں خصوصی انتظامات کریں، انہوں نے کچے مکانوں میں رہنے والوں کو خبردار کیا کہ شہر میں موجودہ صورت حال کے باعث حفاظتی اقدامات کریں۔
وزیر اعلیٰ سندھ نے میونسپل انتظامیہ کو ہدایت جاری کیں کہ وہ کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے اقدامات اٹھائیں اور ڈپٹی کمشنرز کو ان کی بھرپور مدد کی ہدایت بھی کی۔
اس سے قبل محکمہ موسمیات کے حوالے سے رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ ایران سے پاکستان میں داخل ہونے والے ہوا کے نظام کے باعث صوبہ بلوچستان اور سندھ کے متعدد علاقوں میں بارشوں کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں پیر کے روز معمولی بارش جبکہ منگل کے روز گردوغبار اور طوفان کا امکان ہے۔
اس کے علاوہ سندھ کے دیگر حصوں سمیت ملک کے بالائی علاقوں میں بھی آئندہ 2 روز تک ایسا ہی موسم رہنے کا امکان ہے۔سندھ پنجاب کے سرحدی علاقے میں بھی آج صبح کے وقت بارش ہوئی.پنجاب کی تحصیل صادق آباد کے بعض مقامات پرژالہ باری سے گندم اور دیگر فصلوں کو نقصان پہنچنے کی بھی اطلاعات موصول ہوئی ہیں-

Show More

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے