کمشنر کی رحیم یارخان میں کھلی کچہری

پولیس کے خلاف شکایات کے انبارلگ گئے

رپورٹنگ ڈیسک | نورمحمد سومرو

رحیم یار خان : کمشنر بہاولپور نئیر اقبال نے ڈپٹی کمشنر کمپلیکس رحیم یار خان میں کھلی کچہری لگائی جس میں ضلعی انتظامیہ اور پولیس سے متعلقہ عوامی شکایات سنیں اور ان کے حل کیلئے موقع پر احکامات جاری کئے ۔
ڈپٹی کمشنر جمیل احمد جمیل، ڈی پی او عمر سلامت،حکومتی ایم پی ایز چودھری آصف مجید،چودھری محمد شفیق آف چناب گروپ، ایس پی رانا اشرف، اسسٹنٹ کمشنرز اعتزاز انجم،ریاست علی سمیت ضلعی انتظامیہ اور پولیس افسران ایکسائز آفیسر عبدالرزاق دھاندو،ایس ای میپکو عبدالمنان منگی، سی ای او ایجوکیشن ملک مختار حسین سمیت تمام محکموں کے سربراہان اور سیاسی سماجی شخصیات بھی کھلی کچہری میں موجود تھیں۔
کھلی کچہری میں 75 درخواستیں آئیں جن میں 30 درخواستیں صرف محکمہ پولیس سے متعلقہ تھیں زمینوں پر قبضے, گھریلو لڑائی جھگڑے،زرعی اراضی زمین و جائیداد کے تنازعات،پولیس،انہار، ریونیو اور ایکسائزکے محکموں سے متعلق شکایات زیادہ تھیں جن کے فوری ازالے کیلئے موقع پر موجود متعلقہ افسروں کو ہدایات جاری کی گئیں۔
کمشنر بہاولپور نیئر اقبال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کھلی کچہریاں عوام کو بروقت اور سستے انصاف کی فراہمی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے اسے مکمل کامیاب کرانے کے لئے عوام ایسی شکایات اور مسائل کے حل کیلئے درخواستیں دیں جن کا موقع پر ہی ازالہ ممکن ہو۔ عدالتی معاملات اور عام نوعیت کے گھریلو لڑائی جھگڑوں پر مشتمل درخواستیں وقت کے ضیاع کے سوا کچھ نہیں ہے۔محکمہ ایکسائز،سوئی گیس، واپڈا اور ریونیو ڈیپارٹمنٹ کے ملازمین اپنا قبلہ درست کر کے سائلین کو بروقت انصاف فراہم کریں،ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عشر و زکوۃ اور بیت المال کے مستحقین کیلئے حکومتی نئی ہدایات اور پالیسی کے مطابق کام شروع کر دیاہے۔ رمضان المبارک میں مستحقین کو گزارہ الاؤنس اور زکوۃ کی امدادی رقوم فراہم کر دی جائیں گی ۔کمشنر کا کہنا تھا کہ رحیم یارخان پہلی مرتبہ آیا ہوں یہ ترقی یافتہ اورخوب صورت شہر ہے۔

سائیڈ سٹوری

رحیم یارخان (نور محمد سومرو) کمشنر بہاولپور نیئر اقبال کی کھلی کچہری میں غیر متوقع طور پر سائلین اور ان کے ساتھ آنے والوں کی تعداد زیادہ تھی جس کے باعث انتظامیہ کو فوری طور پر مزید کرسیاں لگانا پڑیں۔ کھلی کچہری گیارہ بجے شروع اور ایک بجے ختم ہوئی،ایئر کولر اور پنکھوں کے باوجود سخت گرمی سے ضلعی انتظامیہ کے افسر اور بعض سائلین دشواری محسوس کرتے رہے۔
ڈپٹی کمشنر جمیل احمد جمیل اور ڈی پی او عمر سلامت بھی سائلین کی درخواستیں سنتے رہے ۔سیکرٹری آر ٹی اے ریاست علی مائیک پر سائلین کو بلاتے رہے۔ بیشتر محکموں کے افسروں کا بیٹھنا بے سود رہا ان سے متعلق کوئی درخواست نہ آئی۔ضلعی اور ٹریفک پولیس اہلکاروں سمیت ڈیوٹی پر موجود روزہ دار ملازمین سخت گرمی اور دھوپ سے نڈھال ہوگئے ۔
کمشنر سمیت بیشتر ضلعی افسروں نے اکٹھے نماز جمعہ ادا کی ۔کمشنر نے رمضان بازاروں مرکزی عید گاہ اور پرانی غلہ منڈی سمیت گندم گودام اڈہ گلمرگ اور چک 64/این پی کا دورہ بھی کیا۔بعد ازاں وہ بہاولپور واپس روانہ گئے۔

Show More

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے