ایڈمنسٹریٹر سیوریج اور صفائی کے حوالے سے ایک ہفتہ میں نتائج دیں:ڈپٹی کمشنر

رحیم یارخان میں ضلعی کوارڈینیشن کمیٹی کا اجلاس

رپورٹنگ ڈیسک | ہفتہ 11مئی 2019

رحیم یارخان : ڈپٹی کمشنر جمیل احمد جمیل کی زیر صدارت ضلعی کوارڈینیشن کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں ارکان پارلیمنٹ چوہدری آصف مجید، چوہدری محمد شفیق، چوہدری مسعود احمد، مخدوم فواز احمد سمیت پی ٹی آئی کے ٹکٹ ہولڈر چوہدری سجاد وڑائچ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(ریونیو)ڈاکٹر جہانزیب حسین لابر، اسسٹنٹ کمشنرز چوہدری اعتزاز انجم، کاشف ڈوگر، فاروق قمر، آصف اقبال، پی ٹی آئی کے رہنما ڈاکٹر طالوت سلیم باجوہ، چوہدری عثمان رشید وڑائچ، حاجی ظہور حسین گجر، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ چوہدری طالب حسین رندھاوا، چیف افسر ضلع کونسل چوہدری شفیق احمد اور تمام میونسپل کمیٹیز کے چیف افسران نے شرکت کی۔
ڈپٹی کمشنر جمیل احمد جمیل کی زیر صدارت اجلاس میں ضلع بھر کی میونسپل کمیٹیز اور ضلع کونسل کے دستیاب وسائل اور درپیش مشکلات کا جائزہ لیا گیا۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلع کی سات میونسپل کمیٹیز اور ضلع کونسل میں سٹاف کی حاضریاں تین یوم کے اندر بائیو میٹرک سسٹم کے تحت لگائی جائیں، میونسپل کمیٹیز کو مختلف زون /سیکٹرز میں تقسیم کرکے بائیو میٹرک مشینیں نصب کی جائیں، تمام ایڈ منسٹریٹر ز میونسپل کمیٹیز 8یوم میں میونسپل حدود میں کلیکشن پوائنٹس بنوائیں جبکہ نزدیک دستیاب سرکاری اراضی منتخب کرکے فوری طور پر ڈمپنگ سائیٹس تیار کریں۔انہوں نے ہدایت کی کہ میونسپل کمیٹیز کے اختیارات ایڈمنسٹریٹر افسران کے پاس آنے کی واضح تبدیلی عوام کو محسوس ہونی چاہیے اور تمام اسسٹنٹ کمشنرز/ایڈ منسٹریٹرز اپنی میونسپل کمیٹیز کو زون/سیکٹرز میں تبدیل کرکے صفائی، سیوریج، واٹر سپلائی، سالڈ ویسٹ اور تجاوزات کے حوالہ سے اپنی حکمت عملی مرتب کرکے ایک ہفتہ میں نتائج دیں۔
انہوں نے کہا کہ مقامی ارکان پارلیمنٹ کا مکمل تعاون ایڈ منسٹریٹرز کو حاصل ہو گا لہذا میرٹ پر اپنی میونسپل کمیٹیز میں مفاد عامہ کے اقدامات ترجیحی بنیادوں پر اٹھائے جائیں۔انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد کسی صورت لوگوں کو بے روز گار کرنا نہیں تاہم تجاوزات بھی ختم کرنا ہے لہذا تاجر برادری کے ساتھ تمام ایڈمنسٹریٹرز قریبی رابطہ رکھیں جبکہ ریڑھی بانوں کو پہلے مرحلہ میں مصروف شاہرات سے متبادل جگہوں پر منتقل اور ان کے لئے حکمت عملی مرتب کرکے ریڑھی بانوں کو عملدرآمد کا پابند بنائیں بصورت دیگر خلاف ورزی پر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے جبکہ دکاندار اپنی دکانوں کی صفائی کا ایک وقت مقرر کریں اورصفائی کے بعد کچرا ایک بیگ میں ڈال کر رکھیں تاکہ عملہ صفائی اسے اٹھا سکے۔
انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل کے حل میں تمام ارکان پارلیمنٹ، انتظامیہ اور پولیس مشترکہ حکمت عملی پر گامز ن ہیں اور اس سلسلہ میں ڈی پی او عمر سلامت کی سربراہی میں ضلعی پولیس ہر جگہ انتظامیہ کے ساتھ تعاون کر رہی ہے۔

اس موقع پر ارکان صوبائی اسمبلی چوہدری آصف مجید، چوہدری محمد شفیق، چوہدری مسعود احمد، مخدوم فواز احمد اور پی ٹی آئی کے ٹکٹ ہولڈر چوہدری سجاد وڑائچ نے کہا کہ میونسپل سروسز کی فراہمی عوام کا بنیادی حق ہے اور اس میں خرابی کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے لہذا تمام ارکان اسمبلی ایڈمنسٹریٹرز کے ساتھ مل کر کام کریں گے اور شہر کو خوبصورت و صاف ستھرا بنانے کے لئے اپنی تجاویز و آراء سے آگاہ کریں گے۔انہوں نے ڈپٹی کمشنر کی جانب سے جامع پلان فراہم کرنے کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس پر عملدرآمد سے چند دنوں میں عوام کو واضح تبدیلی نظر آئے گی۔انہوں نے کہا کہ بہتر کام کرنے والوں کو انعامات اور ناقص کارکردگی کے حامل افسران و عملہ صفائی کو سزائیں دی جائیں گی۔

Show More

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے