بولرز پھر ناکام،پاکستان 359رنز بنا کر بھی ہار گیا

15th May 2019 | اسپورٹس ڈیسک

انگلینڈ نے پاکستان کے خلاف تیسرے ون ڈے میچ میں 359رنز کا ہدف باآسانی حاصل کر کے قومی ٹیم کو 6وکٹوں سے شکست دینے کے ساتھ ساتھ پانچ میچوں کی سیریز میں ناقابل شکست برتری حاصل کر لی۔
پاکستان نے انگلینڈ کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 9وکٹوں کے نقصان پر 358رنز بنائے، امام الحق نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے 151 رنز کی کھیلی جبکہ آصف علی نے بھی نصف سنچری بنائی۔ہدف کے تعاقب میں انگلش اوپنرز نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو 159رنز کا آغاز فراہم کرکے میچ کو یکطرفہ بنا دیا۔
مین آف دی میچ جونی بیئراسٹو نے سنچری اسکور کی جبکہ جیسن روئے نے 76، معین علی نے 46 اور جو روٹ نے 43رنز کی باریاں کھیلیں۔

برسٹل میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کے 359 رنز کے بڑے ہدف کو انگلش بلے بازوں نے اپنی عمدہ بیٹنگ کی بدولت 4 وکٹوں پر حاصل کرلیا، جیسن روئے اور بیرسٹو پر مشتمل جوڑی نے ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کرتے ہوئے 159 کی قیمتی پارٹنرشپ قائم کی، روئے 76 اور بیرسٹو 128 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔جوئے روٹ 43،بین اسٹوکس 37 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ کپتان 17 اور معین علی 43 رنز کے ساتھ ناقبل شکست رہے۔گرین شرٹس کی جانب سے ایک بار پھر بولنگ لائن مکمل طور پر ناکام رہی اور کوئی بھی بولر متاثر کن کارکردگی پیش نہ کرسکا، جنید خان، عماد وسیم اور فہیم اشرف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی تو قومی ٹیم کا آغاز ایک بار پھر اچھا نہ رہا اور اوپننگ جوڑی صرف 7 رنز پر ٹوٹ گئی، پچھلے میچ میں سنچری بنانے والے فخر زمان اس بار فیل ہوگئے اور صرف 2 رنز پر چلتے بنے جب کہ بابر اعظم بھی لمبی اننگز نہ کھیل سکے اور 15 رنز پر بولڈ ہوگئے۔27 رنز پر وکٹیں گرنے کے بعد حارث سہیل اور امام الحق نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 68 رنز کی شراکت داری قائم کی تاہم حارث سہیل 95 کے مجموعے پر رن آؤٹ ہوگئے، انہوں نے 41 رنز بنائے۔
کپتان سرفراز احمد نے اوپنر امام الحق کے ساتھ مل کر 65 رنز جوڑے اور 27 رنز پر پویلین لوٹ گئے جب کہ امام الحق نے 97 گیندوں پر سنچری مکمل کی ، وہ 151 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، ان کی اننگز میں 16 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔آصف علی نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 43 گیندوں پر 52 رنز بنائےجس میں 3 زبردست چھکے اور 2 چوکے شامل تھے۔قومی ٹیم نے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 359 رنز بنائے، عماد وسیم 22،فہیم اشرف 13اور شاہیں آفریدی 7 رنز پر پویلین لوٹے جب کہ حسن علی 18 اور جنید خان صفر پر ناٹ آؤٹ رہے۔انگلینڈ کی جانب سے کرس ووکس نے سب سے زیادہ 4 وکٹیں حاصل کیں،کرن نے 2، پلنکٹ اور ڈیوڈ ویلے نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

Show More

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے