وزیراعلی نے اساتذہ کی ای ٹرانسفر پالیسی کی منظوری دیدی

پنجاب کے سرکاری ملازمین کی خوشحالی کیلئے بناویلنٹ گرانٹس میں تاریخ ساز اضافہ

ویب ڈیسک : 16مئی 2019

لاہور : پنجاب میں اساتذہ کے تبادلوں کا آن لائن نظام متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدارنے محکمہ اسکولز ایجوکیشن کے اساتذہ کی ای ٹرانسفر پالیسی کی منظوری دے دی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ای ٹرانسفر پالیسی کے نفاذ سے اساتذہ کے وقت کی بچت ہوگی اوران کے تبادلے و تقرری کے نظام میں شفافیت آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ ہر تبادلہ اور تقرری میرٹ پر کیا جائے گا جبکہ اساتذہ ہیلپ لائن پر شکایت بھی د رج کراسکیں گے، نئے نظام سے سروس ڈلیوری بہتر ہوگی۔وزیراعلیٰ نے دوردراز علاقوں کے اسکولوں میں اساتذہ کی تعیناتیو ں کے لیے جامع پالیسی مرتب کرنے کی ہدایت بھی کی۔عثمان بزدار نے ہدایت کی کہ چولستان، مری، تھل، قبائلی علاقوں اوردیگر دوردراز علاقوں کے اسکولوں میں اساتذہ کی حاضری یقینی بنانے کے لیے موثر حکمت عملی تیار کی جائے۔ان کا کہنا تھا کہ اسکولوں کے ارد گرد صفائی کے انتظامات کو یقینی بنایا جائے، اساتذہ کی تمام معلومات جمع کرلی گئی ہے۔وزیراعلیٰ کی زیرصدارت اجلاس میں انہیں محکمہ اسکولز ایجوکیشن کی ای ٹرانسفر پالیسی کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔صوبائی وزیر اسکولز ایجوکیشن مراد راس، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ، سیکرٹری اسکولز ایجوکیشن اورمتعلقہ حکام نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔

علاوہ ازیں وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر پنجاب کے سرکاری ملازمین کی خوشحالی کیلئے بناویلنٹ گرانٹس میں تاریخ ساز اضافہ کر دیا گیا ہے۔محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن نے اضافہ شدہ گرانٹس کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے جس کے تحت پنجاب کے سرکاری ملازمین کے بچوں کے سکالرشپ میں اضافہ اور پرائمری تا سیکنڈری سکول سالانہ 20 ہزار روپے تعلیمی وظیفہ دیا جائے گا۔
اس کے ساتھ ساتھ ہائیر سیکنڈری سکول طلبہ کو سالانہ 50 ہزار روپے ایجوکیشنل سکالرشپ ملے گا۔ جبکہ سرکاری ملازمین کے بچوں کیلئے میرج گرانٹ میں 3 گنا سے زائد اضافہ کر دیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ کی جانب سے صوبائی ملازمین کیلئے میرج گرانٹ 40 اور 50 ہزار سے بڑھا کر ڈیڑھ لاکھ روپے کر دی گئی ہے۔ نیز وفات کی صورت میں جنازہ گرانٹ بھی بڑھا دی گئی ہے۔سرکاری ملازم کی وفات کی صورت میں لواحقین کو 50 ہزار روپے جنازہ گرانٹ ادا کی جائے گی اور سرکاری ملازم کی بیوہ کو ملنے والی ماہانہ گرانٹ میں بھی اضافہ کا اعلان کیا گیا ہے جو تاحیات ادا کی جائے گی۔
گرانٹس میں اضافے کی نئی شرح کے نوٹیفکیشن کا اطلاق 10 مئی سے ہوگا جبکہ میرج اور جنازہ گرانٹ میں اضافے کا اطلاق 10 مئی کے بعد کیا جائے گا۔ بلاشبہ یہ اقدامات وزیراعلی کی جانب سے سرکاری ملازمین کی خوشحالی میں اضافہ کا باعث بنیں گے۔

Show More

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے