مال گاڑی الٹ گئی،کراچی سے ٹرینوں کی آمد ورفت معطل

ویب ڈیسک : 17مئی 2019

نوشہروفیروز: پڈعیدن کے قریب مال گاڑی کو پیش آنے والے حادثے کے باعث کراچی سے آنے اور جانے والی ٹرینوں کو مختلف ریلوے اسٹیشنوں پر روکنے کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے۔ ٹرینوں کی بحالی کے عمل میں کتنا وقت درکار ہوگا؟ ریلوے حکام اس ضمن میں فی الوقت خاموش ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سندھ کے ضلع نوشہروفیروزکے علاقے پڈعیدن میں مال گاڑی کی 13 بوگیاں پٹری سے اترگئیں، جس کے باعث ٹرینوں کی آمدورفت معطل ہوگئی، دیگرمسافرٹرینوں کومتعدد اسٹیشنزپرروک لیا گیا تاہم حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
ریلوے پولیس کے مطابق متاثرہ ٹریک کی بحالی کے لیے کوٹری سے امدادی ٹرین طلب کرلی گئی ہے تاہم ٹریک کی مکمل بحالی میں دو سے تین دن لگ سکتے ہیں۔
ذرائع کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والی مال گاڑی میں کنٹینرز لوڈ تھے جو کراچی سے لاہور لے جائے جارہے تھے۔
تفصیلات کے مطابق پیش آنے والے حادثے کے باعث اپ اور ڈاؤن ٹریک بند ہوگئے ہیں۔ ریلوے حکام کی جانب سے امدادی ٹرین روہڑی سے متاثرہ مقام کی جانب روانہ کردی گئی ہے۔
ریلوے کے ذمہ دار ذرائع نے مزید تفصیلات فی الوقت فراہم کرنے سے معذرت کرتے ہوئے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ کراچی سے آنے اور جانے والی ٹرینوں کو مختلف اسٹیشنوں پر روکنے کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے۔
مسافر ٹرینوں کی بحالی میں کتنا وقت درکار ہوگا؟ اور مسافروں کو رمضان المبارک میں پیش آنے والی تکالیف سے بچانے کے لیے کیا اقدامات اٹھائے جائیں گے؟ جیسے سوالات کے جوابات فی الحال ریلوے حکام نے دینے سے معذرت کی ہے۔

Show More

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے