رمضان المبارک کا تیسرا جمعہ،مساجد نمازیوں سے بھر گئیں

لاہور میں سحری میں ہونے والی بارش سے گرمی کا زورٹوٹ گیا

ویب ڈیسک : جمعہ 18رمضان المبارک 1440ھ 24مئی 2019

لاہور : ماہ صیام کے تیسرے جمعتہ المبارک پر صوبائی دارالحکومت میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے، لاہور پولیس کے 3 ہزار سے زائد اہلکار وں نے سکیورٹی کے فرائض سر انجام دیئے۔شہر میں رمضان کے تیسرے جمعہ کو امن وامان برقرار رکھنے کیلئے لاہور پولیس نے فول پروف سکیورٹی انتظامات کیے- پولیس کے 3 ہزار سے زائد اہلکار، ڈولفن فورس کی 307 جبکہ پیرو فورس کی 110 ٹیمیں پٹرولنگ ڈیوٹی پر موجود رہیں۔ڈی آئی جی آپریشنزاشفاق احمد خان کی ہدایت پر نمازیوں کی 3 مختلف جگہوں پر تلاشی کے بعد مسجد میں داخلے کی اجازت دی گئی، ڈویژنل ایس پیز نے خود سکیورٹی کی نگرانی کی، شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر چیکنگ سخت کی گئی، پولیس کے ساتھ ساتھ رضاکاروں کی کثیر تعداد نے سکیورٹی اُمور انجام دیئے-داتا دربار کمپلیکس جامع مسجد،بادشاہی مسجد،مسجد شہدا سمیت شہر کی چھوٹی بڑی مساجد اور مدارس میں ہزاروں کی تعداد میں نمازیوں نے نماز جمعہ ادا کی-صوبے کے دیگر شہروں میں بھی نماز جمعہ کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے-نمازیویں کو تلاشی کے بعد مساجد میں داخل ہونے دیا گیا-نمازیوں کی بڑی تعداد میں آمد کے باعث مساجد میں جگہ کم پڑ گئی جس کی وجہ سے سڑکوں پر ٹینٹ لگانے پڑے-نماز جمعہ کے دوران لاہور میں ہلکے بادل چھائے رہے اور ٹھنڈی ہوا چلتی رہی-

بادشاہی مسجد میں خواتین کی بڑی تعداد نے بھی نماز جمعہ باجماعت ادا کی-اجتماعی دعا کے دوران رقت آمیزمناظر دیکھنے کو ملے-روزہ دار رب کائنات کے حضور ہاتھ پھیلائے گڑ گڑا کے رحمت،بخشش اور مغفرت کی دعائیں مانگتے رہے-روزہ داروں نے نماز کے بعد مساجد کے باہر جمع نادار اور بھکاریوں کو صدقات بھی دیئے-بچوں کی بڑی تعداد نے بھی مساجد میں آکر نماز جمعہ ادا کی-
جمعہ کے روز لاہور شہر پر بادلوں اور ہواؤں نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں، سحری میں ہونے والی بارش سے گرمی کا زورٹوٹ گیا، قدرت روزے داروں پر مہربان ہوگئی،صبح سویرے ہی سورج طلوع ہونے سے قبل آسمان پر بادل چھا گئے اور پھردیکھتے ہی دیکھتے کالی بدلیوں نے بارش کی شروعات کردی، بارش برسی توگرمی سے مرجھائے روزے داروں کے چہرے کھل اُٹھے، محکمہ موسمیات کے مطابق آج لاہور شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت33 اور کم سے کم 23 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے، ہوا21 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہے جبکہ ہوا میں نمی کاتناسب 66 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔ماہرین موسمیات کے مطابق آج سارا دن موسم جزوی طور پر ابر آلود رہے گا اور آئندہ چوبیس گھنٹوں میں مزید بارش کا امکان ہے۔

Show More

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے