رمضان بازاروں سے اب 2کلو چینی ملے گی:صوبائی کابینہ

وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار کے زیر صدارت صوبائی کابینہ کے اجلاس میں اہم فیصلے

ویب ڈیسک | 24مئی 2019
لاہور: پنجاب کابینہ نے صوبہ بھر کے رمضان بازاروں میں صارفین کو فی کس 2 کلو تک چینی دینے کی منظوری دیدی۔ چینی کی برآمدات پر سبسٹڈی ختم کرنے کا بھی اعلان کر دیا گیا۔ بیوریج کمپنیوں اور واٹر بوٹلنگ پر فی لٹر ایک روپیہ ٹیکس لگانے کی بھی منظوری دیدی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے زیر صدارت صوبائی کابینہ کے اجلاس میں صوبہ بھر کے رمضان بازاروں میں صارفین کو فی کس 2 کلو تک چینی دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ 21 رمضان المبارک سے صوبہ بھر میں رمضان بازار عید بازار میں بدل جائیں گے۔
بیس ملین سبسٹڈی سے سوجی، سویاں اور دیگر 5 اضافی اشیا ارزاں نرخوں پر فراہم کی جائیں گی۔ چینی کی قیمتوں میں استحکام کیلئے برآمدات پر سبسڈی ختم کرنے کی بھی منظوری دی گئی ہے۔
زمین سے پانی نکال کر استعمال کرنے والی بیوریج کمپنیوں اور واٹر بوٹلنگ پر فی لٹر ایک روپیہ ایکوافر ٹیرف لگانے کی منظوری بھی دی گئی۔ فورٹ منرو ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا نام تبدیل کرکے کوہ سلیمان ڈویلپمنٹ اتھارٹی رکھنے کا اعلان کیا گیا۔
اس کے علاوہ میرج وبینکوئیٹ ہالز اور مارکی کیلئے زیر استعمال زمین کے حوالے سے ایل ڈی اے قوانین میں ترامیم کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
سکول ایجوکیشن کے اساتذہ کی ٹرانسفر پالیسی میں کابینہ میں اختلاف رائے پایا گیا۔ ٹیچرز کی ای ٹرانسفر پالیسی کے بارے میں پارلیمانی پارٹی کو بھی بریفنگ دینے کا فیصلہ کیا گیا۔
پنجاب ریونیو اتھارٹی کے ورک چارج ملازمین کو ریگولر کرنے کیلئے عدالتی احکامات کے مطابق ضروری اقدامات کی منظوری دے دی گئی۔

Show More

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے