ملک بھر میں لاکھوں فرزندان اسلام آج اعتکاف بیٹھیں گے

ویب ڈیسک : اتوار 26مئی 2019

لاہور: ملک بھر میں آج لاکھوں فرزندان اسلام اعتکاف میں بیٹھیں گے۔ مساجد میں تیاریاں شروع کر دی گئیں۔رمضان المبارک کا آخری عشرہ آج شروع ہو رہا ہے۔ ملک بھر میں لاکھوں فرزندان اسلام سنت نبوی کی پیروی کرتے ہوئے 10 روز ’’ماہ شوال کا چاند نظر آنے تک‘‘ عبادت میں گزاریں گے۔مساجد میں معتکفین کے لیے درس قرآن و حدیث اور شرعی مسائل سے آگاہی کے لیے تربیتی نشستوں کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔
اعتکاف عربی زبان کا لفظ ہے جس کے معنی ’ٹھہر جانے‘ اور ’خود کو روک لینے کے‘ ہیں
جہنم کی آگ سے نجات کے اس عشرے میں لیلۃ القدر بھی موجود ہے جس کے لیے مساجد میں خصوصی دعاؤں کا اہتمام بھی کیا جاتا ہے، معتکفین سنت نبوی کی پیروی کرتے ہوئے اپنا زیادہ تر وقت خصوصی عبادات اور بخشش کی دعاؤں میں گزاریں گے۔
اعتکاف میں شرکت کیلئے لوگ 20 ویں رمضان سے عصر کے وقت مساجد میں داخل ہوتے ہیں اور عیدالفطر کا چاند نظر آتے ہی اعتکاف ختم کر کے مساجد سے باہر آئیں گے۔
مسلمان رمضان کے آخری عشرے میں دنیاوی معاملات سے کٹ کر اللہ کی خوشنودی کے لیے عبادات میں مصروف رہیں گے جو یقیناً بہت بڑی سعادت ہے، اس دوران مرد حضرات مساجد میں قیام اورعبادت کرتے ہیں جبکہ خواتین گھروں میں اعتکاف کرتی ہیں، طاق راتوں میں مسلمان شب بھر اللہ کے حضورعبادات کرتے ہوئے اپنی حاجات کے لیے دعا کرتے ہیں۔
ملک کی بڑی مساجد میں سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر اعتکاف بیٹھنے والوں کے کوائف جمع کیے گئے جبکہ اعتکاف بیٹھنے والوں کے لیے مساجد کی انتظامیہ اور مخیرحضرات کی جانب سے سحر و افطار کا انتظام کیا جائے گا تاہم عام طور پر معتکفین کی سحر و افطار کی ذمہ داری اُن کے اہلخانہ کی ہوتی ہے۔لاہور میں داتا دربار کمپلیکس اورمنہاج القرآن کے شہر اعتکاف میں ہزاروں کی تعداد میں روزہ دار آج اعتکاف میں بیٹھیں گے-کراچی میں اعتکاف کا سب سے بڑا اجتماع فیضان مدینہ پرانی سبزی منڈی میں ہو گا جہاں پاکستان سمیت دنیا بھر سے لوگ اعتکاف میں شرکت کریں گے-اسی طرح ملک بھر کے ہر شہر،ٹاؤن اور دیہات میں بھی روزہ دارسنت نبوی کی پیروی کرتے ہوئے آج اپنے اپنے علاقے اور محلے کی مساجد میں اعتکاف کریں گے ، معتکفین رمضان المبارک کے آخری عشرے کی رحمتیں سمیٹنے کے لیے عبادات میں مشغول ہوں گے۔یہ عبادت فرض کفایہ کا درجہ رکھتی ہے، جو کسی بھی آبادی میں ایک فرد کے کرنے سے پورے محلہ کا فرض ادا ہوجاتا ہے

تازہ ترین اطلاعات کے مطابق نماز عصر کے بعد مختلف مساجد میں لاکھوں مسلمان اعتکاف بیٹھ گئے، محکمہ اوقاف ومذہبی امور پنجاب کےزیر انتظام اعتکاف کا سب سے بڑا اہتمام داتا دربار میں کیا گیا۔سات ہزار سے زائد مساجد میں ایک لاکھ پندرہ ہزار سے زائد فرزندان اسلام اعتکاف بیٹھ گئے۔ منہاج القرآن کے شہر اعتکاف میں 10 ہزار، بادشاہی مسجد میں 700 سو، داتاد ربار مسجد میں 2300 معتکفین کیلئے انتظامات کئے گئے۔ جامعہ نعیمیہ، جامعہ اشرفیہ، مرکز اہلحدیث، مسجد قادسیہ، جامع مسجد منصورہ اور بحریہ ٹاؤن کی گرینڈ مسجد میں بھی سینکڑوں معتکفین اعتکاف بیٹھے۔
داتا دربار میں مجموعی طور پر 2135 افراد نے اعتکاف کیا، انتظامیہ کی جانب سے معتکفین کے لیے انتظامات کو حتمی شکل دی گئی۔ اس سلسلے میں احاطہ دربار میں میڈیکل کیمپ بھی لگایا گیا ہے، ایگزیکٹو آفیسر داتا دربار بابر سلطان گوندل نے بتایا کہ اعتکاف بیٹھنے والوں کے لیے سحری و افطاری کا وسیع انتظام کیا گیا ہے۔
معتکفین کو کیبن اور ٹوکن نمبر جاری کر دیئے گئے ہیں، اعتکاف ہالز کو چار سیکٹرز میں تبدیل کیا گیا۔ معتکفین کا کہنا ہے کہ انتظامیہ کی جانب سے ان کے لئے بہترین انتظامات کیے گئے ہیں۔

Show More

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے