غربت کے خاتمے کے لئے چینی ماڈل کو پنجاب میں نافذ کرینگے،عثمان بزدار

نائب چینی صدر کی وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو

ویب ڈیسک : پیر 27مئی 2019
لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ غربت کے خاتمے کے لئے چین کے ماڈل کو پنجاب میں نافذ کریں گے، دونوں ممالک کے درمیان دوستی کا لازوال رشتہ ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیر اعلیٰ ہاؤس پنجاب میں چین کے نائب صدر وانگ کشان سے خصوصی ملاقات کے موقع پر کیا، دونوں شخصیات کی ملاقات میں پاک چین تعلقات، سی پیک پر پیشرفت اور مختلف شعبوں میں تعاون پر بات چیت ہوئی۔اس موقع پر صنعت، زراعت، سیاحت اور دیگرشعبوں میں تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق اور اس کے علاوہ پنجاب اور چین کے شہروں کے مابین اشترا ک کار کو فروغ دینے پر بھی اتفاق کیا گیا۔وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ تعلقات دو ملکوں کے نہیں بلکہ دو بھائیوں کے درمیان لازوال دوستی کا رشتہ ہے، چین نے بہتر حکمت عملی سے70کروڑ لوگوں کو20برس میں غربت سے نکالا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ غربت کے خاتمے کے لئے چین کے ماڈل کو پنجاب میں نافذ کرینگے، علاقائی خودمختاری اور قومی سلامتی پر چین کا تعاون قابل قدر ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے چین کے نائب صدر وانگ چی شن نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، پاک چین تعلقات کے فروغ، سی پیک کے منصوبوں پر پیشرفت اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعلیٰ اور چینی نائب صدر کی ملاقات میں صنعت، زراعت، سیاحت اور دیگر شعبوں میں تعاون کو مزید بڑھانے پر اتفاق کیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ پنجاب اور چین کے بڑے شہروں کے مابین اشتراک کار کو فروغ دیا جائے گا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات دو ملکوں کے نہیں بلکہ دو بھائیوں کے درمیان لازوال دوستی کا رشتہ ہے۔انہوں نے کہا کہ چین نے 70 کروڑ لوگوں کو 20 برس میں غربت سے نکالا ہے اور وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق غربت کے خاتمے کے لئے چین کے بے مثال ماڈل کو پنجاب میں نافذ کریں گے۔ چینی نائب صدر وانگ چی شن نے کرپشن کے خاتمے کے لیے بے پناہ کام کیا ہے اور کرپشن کے خاتمے کے لئے چین ہمارے لئے رول ماڈل ہے۔
انہوں نے کہا کہ عظیم دوست ملک کے معزز مہمان کی مہمان نوازی کرکے دلی خوشی ہوئی ہے۔ علاقائی خود مختاری اور قومی سلامتی کے امور پر چین کا تعاون قابل قدر ہے۔ وزیراعظم عمران خان کی چین میں دوسرے بیلٹ اینڈ روڈ فورم میں شرکت کے مثبت اثرات سامنے آئے ہیں۔ چین کے صدر کا روڈ اینڈ بیلٹ منصوبہ علاقائی ہی نہیں بلکہ عالمی سطح پر گیم چینجر ہے اور سی پیک کے دوسرے مرحلے میں ایگریکلچر ڈویلپمنٹ، غربت کے خاتمے اور صنعتی تعاون پر توجہ مرکوز ہے۔عثمان بزدار نے کہا کہ پاکستان کی تعمیر وترقی کیلئے مختلف منصوبوں پر کام کرنے والے چینی ہمارے بھائی ہیں۔ پاک چین لازوال دوستی کی نئی تاریخ رقم ہو رہی ہے۔ پاکستان اور چین کی دوستی آئندہ نسلوں کیلئے اثاثہ ہے۔ پاکستان اور چین ترقی کے نئے سفر پر گامزن ہیں اور پاک چین دوستی کا بندھن رہتی دنیا تک قائم رہے گا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ نئے پاکستان میں معاشی ترقی کا نیا دور شروع ہو چکا ہے۔ چین کی سرکاری اور نجی کمپنیوں کی طرف سے سرمایہ کاری کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ چین کے نائب صدر کے دورے سے بے مثال تعلقات نئی جہت کی طرف گامزن ہوں گے۔ پنجاب میں چینی تعاون سے جاری منصوبوں کی تکمیل کیلئے ہر سطح پر تعاون جاری رکھیں گے۔
چین کے نائب صدر وانگ چی شن نے کہا کہ چین کے صدر کی ہدایت پر پاکستان آیا ہوں اور دنیا کو پیغام دینا چاہتا ہوں کہ پاک چین دوستی بہت مضبوط ہے۔ لاہور آ کر بہت پیار اورمحبت ملی ہے۔ پاکستان اورچین کی دوستی پہلے سے کئی زیادہ پائیدار بنیادوں پر استوار ہے۔ پاکستانی قیادت کے ساتھ ملاقاتیں بہت مثبت رہیں۔ چین اور پاکستان کی قیادت ایک دوسرے کے بہت قریب ہیں۔ دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات ہر آنے والے روز مضبوط سے مضبوط تر ہو رہے ہیں-

Show More

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے