ملکی خود مختاری پر کبھی سمجھوتہ کیا اور نہ کروں گا،نواز شریف

یوم تکبیر پاکستانی قوم کی بے مثال جرات اور بہادری کی علامت ہے،پیغام

ویب ڈیسک : منگل 28مئی 2019
لاہور: مسلم لیگ(ن) کے تاحیات قائد اورسابق وزیراعظم نواز شریف نے یوم تکبیر پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ میں اپنے ہم وطنوں کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ آپ کے آئینی حقوق، عوام کی بالادستی، ووٹ کی عزت، پاکستان کی سالمیت اور خود مختاری پرنہ پہلے کوئی سمجھوتہ کیا ہے اور نہ اب کروں گا۔
انہوں نے 28 مئی کے موقع پر قوم کے نام جاری کیے گئے بیان میں کہا ہے کہ اس دن ملک کا دفاع ناقابل تسخیر بنا دیا گیا جب پاکستان ایک ایٹمی قوت کے تعارف کے ساتھ دنیا کے نقشے پر نمودار ہوا، یہ ناقابل فراموش اور قومی غیرت کا دن ہے۔
یوم تکبیر پاکستانی قوم کی بے مثال جرات اور بہادری کی علامت ہے، یہ دن ہمارے دشمنوں اور بد خواہوں کے لیے پیغام ہے کہ پاکستان کے خلاف جارحیت کا مظاہرہ کرنے والوں کا انجام عبرت ناک ہوگا۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ 21 سال قبل ہماری حکومت نے یہ فیصلہ کیا تو اسے بے شمار مسائل کا سامنا تھا۔ ایک طرف اقتصادی پابندیوں کی دھمکیاں دی جا رہی تھیں اور اس اقدام کو ناقابل معافی جرم کے طور پر پیش کیا جا رہا تھا۔
نوازشریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ ہمیں دھماکہ نہ کرنے کےعوض اربوں ڈالرز کی پیشکش کی جارہی تھی لیکن ہم نے اللہ تعالیٰ کے بھروسے اور عوام کی تائید کے بل بوتے پر ان مسائل کو قبول کیا اور پاکستان کے وقار کاعلم سر بلند رکھا۔
انہوں نے کہا کہ 21 سال قبل 28 مئی کو پاکستانی قوم نے نا جھکنے کے اعلان کیا اور ہم نے اس کی پاداش میں جلا وطنی اور قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ایٹمی دھماکوں کے بعد ہم نے گزشتہ حکومت میں پاکستان کو معاشی طور پر مستحکم کرکے سی پیک کی شکل میں معاشی دھماکہ کیا۔سابق وزیراعظم نے کہا کہ سی پیک کے عوض عالمی سازشوں نے ایک دفعہ پھر سر اٹھا لیا، جس کے نتیجے میں آج مجھے اپنی سانسوں کا بھی حساب دینا پڑ رہا ہے۔
یوم تکبیر پر اپنے پیغام سابق وزیراعظم نے کہا ہے کہ میرا ایک اصولی موقف ہے کہ دنیا میں پاکستان خود مختار رہے اور پاکستان میں بسنے والے خود اختیار رہیں، اس نظریہ کی سزا میں پہلے بھی بھگت چکا ہوں اور اب بھی بھگت رہا ہوں۔

Show More

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے