یوم تکبیر: 28 مئی جب پاکستان عالم اسلام کی پہلی ایٹمی طاقت بنا

ویب ڈیسک | 28 مئی 2019
اسلام آباد: پاکستانی قوم آج (28 مئی) کو یوم تکیبر منا رہی ہے، 21 سال قبل اس دن پاکستان نے بھارتی ایٹمی دھماکوں کے جواب میں جوہری طاقت کا مظاہرہ کیا تھا۔
پاکستان نے ہندوستان کے ایٹمی دھماکوں کا جواب 28 مئی 1998 کو صوبہ بلوچستان کے علاقے چاغی میں دھماکوں کے ذریعے دیا تھا۔
21 برس قبل ایٹمی دھماکوں کے بعد پاکستان نے مسلم دنیا کی پہلی جبکہ دنیا کی 7ویں ایٹمی طاقت بننے کا اعزاز حاصل کیا اور اس دن کو پاکستانی قوم ‘یوم تکبیر’ کے نام سے یاد کرتے ہیں۔
پاکستان اور ہندوستان، دونوں نے ہی پہلی مرتبہ 1998 میں 3، 3 ہفتوں کے وقفے سے ایٹمی ہتھیاروں کے تجربات کیے تھے۔پاکستان کے جوہری پروگرام کے خالق اور ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے مطابق پاکستان کا جوہری پروگرام امریکا اور برطانیہ سے زیادہ محفوظ ہے۔

شہباز شریف نے یوم تکبیر پر قوم کو مبارکباد

علاوہ ازیں ‏‎پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے یوم تکبیر پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ‏28 مئی پاکستانیوں کے لیے شکر کا دن ہے۔ایک جاری بیان میں ان کا کہنا تھا کہ ‏‎اللہ کا کرم ہے کہ ملکی دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کا سہرا بھی مسلم لیگ (ن) کے سر ہے۔‏ان کا کہنا تھا کہ ‏‎ملکی ترقی اور معیشت کی مضبوطی کی طرح دفاع وطن کے لیے بھی نواز شریف کی خدمات بے مثال ہیں۔انہوں نے تسلیم کیا کہ ‎ملک میں ایٹمی پروگرام کے بانی ذوالفقار علی بھٹو تھے اور دفاع وطن کو ناقابل تسخیر بنانے میں ان کے کردار کی قوم معترف تھی اور رہے گی۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ‏‎جوہری پروگرام سے وابستہ سائنسدان اورمسلح افواج، پاکستان کا فخر ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ‏‎آج کے دن ہم عہد کرتے ہیں کہ پاکستان کی عزت و وقار، دفاع وسلامتی اور مفاد کے لیے ہم سب متحد ہیں۔

Show More

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے