شکار پور:شوہر نے ایڈز زدہ خاتون کو قتل کردیا

ویب ڈیسک | بدھ 29مئی 2019

شکارپور: صوبہ سندھ کے ضلع شکارپور میں شوہر نے ایڈز کے مرض میں مبتلا بیوی کو قتل کردیا۔ ضلع شکارپور کے گاؤں تھارو رند میں بے رحم ملزم نے ایڈز سے متاثرہ بیوی کو بھائی کی مدد سے گلا دبا کر قتل کرنے کے بعد لاش کو گھر کے باہر درخت پر لٹکا دیا۔ذرائع کے مطابق ملزم بیوی کے ایڈز کے مرض میں مبتلا ہونے کے باعث شدید پریشان تھا اور خوف میں مبتلا تھا کے گھر کے دوسرے افراد بھی ایڈز سے نہ متاثر ہوجائیں۔علاقے میں یہ افواہیں بھی گردش کررہی ہیں کہ ملزم نے ایڈز سے متاثرہ بیوی کے کردار پر شبہ کرتے ہوئے اسے قتل کیا ہے-
ملزم بیوی کو میکے بھیج کر دوسرے شادی کرنا چاہ رہا تھا، بیوی کی طرف سے میکے نہ جانے پر لڑائی جھگڑے کے بعد ملزم نے بھائی کے ساتھ مل کر بیوی کو قتل کیا۔قتل کی اطلاع ملنے پر پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے گھڑیاسین ہسپتال منتقل کردیا۔
پولیس نے خاتون کے شوہر بہادر رند کو گرفتار کرکے ڈکھن تھانہ منتقل کردیا ہے جبکہ دوسرے ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔
ایچ آئی وی ایڈز بالغان سینٹر لاڑکانہ کے انچارج ڈاکٹر ہولہ رام نے زرینہ خاتون میں ایڈز وائرس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ مقتولہ زرینہ خاتون کو 7 مئی کو ایچ آئی وی ایڈز کی تشخیص کے لئے لاڑکانہ لایا گیا، ٹیسٹ پازیٹو آنے پر خاتون 9 مئی کو میڈیسن لے کر گئی تھیں خاتون کا رجسٹرڈ نمبر 2473 تھا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز شکارپور میں ایچ آئی اوی ایڈز کے چار نئے کیسز سامنے آئے تھے جس کے بعد شکارپور میں ایچ آئی وی ایڈز کے مریضوں کی تعداد 36 ہوگئی ہے۔خیال رہے کہ گاؤں ڈکھن میں پہلے بھی متعدد کیسز سامنے آ چکے ہیں جن میں بچوں کی تعداد بھی قابل ذکر ہے، ڈکھن کے علاوہ پیر بخش تھیم اور گاؤں سارنگ بھی ایچ آئی وی کی زد پر ہیں۔

Show More

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے