ورلڈ کپ میچ:ویسٹ انڈیز کے خلاف پاکستان کی 12رکنی ٹیم کااعلان

ویب ڈیسک :‌31مئی 2019
ناٹنگھم: ورلڈ کپ 2019 میں پاکستان آج اپنا پہلا میچ ویسٹ انڈیز کے خلاف ناٹنگھم میں کھیلے گا جس کے لیے قومی ٹیم کے 12 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ٹرینٹ برج ناٹنگھم میں ورلڈ کپ 2019 کا دوسرا میچ آج پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا، جس کے لیے 12 کھلاڑیوں کے نام سامنے آگئے ہیں۔
ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ کے لیے پاکستانی کی 12 رکنی ٹیم میں فخر زمان، امام الحق، بابر اعظم، محمد حفیظ، سرفراز احمد، حارث سہیل، آصف علی، شاداب خان، عماد وسیم، محمد عامر، وہاب ریاض اور حسن علی شامل ہیں۔
تجربہ کار مڈل آرڈر بلے باز شعیب ملک، فاسٹ بولر محمد حسنین اور شاہین شاہ آفریدی پہلے میچ میں قومی ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے۔
ورلڈ کپ میں پاکستان کے خلاف ویسٹ انڈیز کا پلڑا بھاری ہے، ورلڈ کپ میں اب تک 10 میچز کھیلے گئے ہیں جن میں ویسٹ انڈیز نے 7 مقابلوں میں کامیابی حاصل کی ہے جبکہ پاکستانی ٹیم صرف تین میچ ہی جیت سکی ہے۔
سن 2015 کے ورلڈ کپ میں بھی ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں پاکستان کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
خیال رہے کہ افتتاحی میچ میں میزبان انگلینڈ نے جنوبی افریقہ کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 104 رنز سے شکست دی تھی۔

ادھر انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مائیکل وان نے پاکستان کو ورلڈ کپ کی ٹاپ چار ٹیموں کے لئے فیورٹ قرار دے دیا۔ایک انٹرویو میں برطانوی ٹیم کے سابق کپتان نے کہا کہ انگلینڈ اس وقت دنیا میں نمبر ون ٹیم ہے اور کوئی وجہ نہیں کہ ہوم گراؤنڈ پر یہ سیمی فائنل تک نہ پہنچے، میرے خیال میزبان ٹیم ہی ورلڈکپ کی فاتح ہوگی۔
مائیکل وان نے کہا کہ آسٹریلین ٹیم میں اسٹیو اسمتھ اور ڈیوڈ وارنر کی واپسی سے نئی روح پھونکی گئی ہے، اس کے علاوہ ان کا بولنگ اٹیک بھی سب سے زبردست ہے، بھارت کے پاس دنیا کا سب سے بہترین بیٹسمین ویرات کوہلی اور بولر جسپریت بمرا موجود ہیں۔
مائیکل وان سے جب پاکستانی ٹیم کے بارے میں پوچھا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ پاکستان تو پھر پاکستان ہے، وہ بھی ورلڈ کپ کی چار ٹاپ کا حصہ بننے میں کامیاب رہے گی۔

Show More

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے