عوام کو شش و پنج کی ضرورت نہیں، عید 5 جون کو ہی ہوگی،فواد چوہدری

مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس 4جون کو کراچی میں ہوگا

ویب ڈیسک | اتوار 02جون2019
اسلام آباد: وزیر سائنس اور ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ عوام کو شش و پنج کی ضرورت نہیں، عید 5 جون کو ہی ہوگی۔
ایک انٹرویو میں وزیر سائنس اور ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ عوام کو شش و پنج کی ضرورت نہیں، عید 5 جون کو ہی ہوگی، رویت ہلال کمیٹی بھی یہی فیصلہ کرے گی، پرانے وقتوں میں چھتوں پر جاکر اور اب موبائل ایپ ڈاؤن لوڈ کرکے کمرے میں بیٹھ کر چاند دیکھا جا سکتا ہے۔
دوسری جانب وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے اپنی ٹوئٹ میں کہا ہے کہ نا تو پارٹی میں کوئی اختلاف ہے نہ ہی حکومت کہیں جا رہی ہے، ہمارا اتفاق رائے ہے کہ پاکستان میں اگر جمہوری نظام کو کامیاب ہونا ہے تو عمران خان کی کامیابی ضروری ہے، اگر ہم نظر دوڑائیں کہ ہمارے ساتھ آزاد ہونے والے ممالک آج کہاں کھڑے ہیں تو ہمیں احساس ہوگا کہ ہم نے اس عرصے میں کیا کھویا اور کیا پایا۔
فواد چوہدری نے مزید کہا کہ ملک کے سول ادارے مکمل طور پر تباہ ہیں، جس ادارے کا جائزہ لیں تو پتا چلےگا کہ اقربا پروری، سفارش اور میرٹ کے اصولوں کو بالائے طاق رکھ کر ان اداروں سے کھلواڑ کیا گیا، آئندہ ایک 2 برسوں میں ان اداروں میں بہتری کی کوئی توقع نہیں، وزیراعظم عمران خان کو ایک ریزہ ریزہ نظام ملا ہے وہ اس نظام کو کھڑا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
ادھر عید الفطر کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس منگل 4جون کی شام کراچی میں ہوگا اجلاس کی صدارت چئیرمین رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمن کریں گے۔کمیٹی چاند کی رویت کے بعد عید کا اعلان کرے گی۔

Show More

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے