پاکستان کی ورلڈ کپ میں پہلی فتح،گوروں کو 15رنز سے ہرا دیا

ویب ڈیسک | 03جون 2019
ناٹنگھم: پاکستان نے ورلڈ کپ میں اپنے دوسرے میچ میں جوز بٹلر اور جو روٹ کی سنچریوں کے باوجود انگلینڈ کو 15رنز سے شکست دے دی۔
ناٹنگھم کے ٹرینٹ برج میں کھیلے جانے والے اس میچ میں انگلینڈ کے کپتان آئن مورگن نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔
انگلینڈ کی دعوت پر پاکستان بلے بازوں نے محتاط انداز میں بیٹنگ کی اور ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا، لیکن 82 کے مجموعے پر اسپنر معین علی نے 36 رنز بنانے والے فخر زمان کو اسٹمپ آؤٹ کردیا۔
بابر اعظم اور امام الحق نے ٹیم کی سنچری مکمل کرائی تاہم 111 کے مجموعے پر 44 رنز بنانے والے امام الحق بھی معین علی کی گیند پر آؤٹ ہوکر پویلین لوٹ گئے۔
بابراعظم اور محمد حفیظ نے ٹیم کو 88 رنز کی پارٹنر شپ فراہم کی اور 199 کے مجموعے پر بڑا شاٹ کھلیتے ہوئے بابر اعظم 63 رنز بنانے کے بعد کیچ آؤٹ ہوگئے۔
اس کے بعد حفیظ کا ساتھ دینے کپتان سرفراز احمد آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 59 گیندوں پر 80رنز کی شراکت قائم کی۔
حفیظ 62 گیندوں پر 84رنز کی شاندار اننگز کھیلنے کے بعد پویلین لوٹے جبکہ آصف علی کی اننگز 14رنز پر تمام ہوئی۔
کپتان سرفراز احمد نے 44 گیندوں پر 55 رنز کی اننگز کھیلی اور کرس ووکس کی گیند پر انہی کو کیچ دے کر چلتے بنے جبکہ وہاب ریاض کی اننگز ایک چوکے تک محدود رہی۔
شعیب ملک بھی کچھ خاص کارکردگی نہ دکھا سکے لیکن اختتامی اوورز میں حسن علی نے چند جارحانہ شاٹس کھیل پاکستان کو 349رنز کے مجموعے تک رسائی دلائی۔
پاکستان نے مقررہ اوورز میں 8وکٹوں کے نقصان پر 348رنز بنائے۔
انگلینڈ کی جانب سے معین علی اور کرس ووکس نے تین، تین جبکہ مارک وڈ نے دو وکٹیں لیں۔
انگلینڈ نے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو تیسرے ہی اوور میں جیسن روئے سوئپ کھیلنے کی کوشش میں شاداب کی گیند پر ایل بی ڈبلیو قرار پائے جبکہ ساتھ ساتھ ریویو بھی ضائع کردیا۔
نئے بلے باز جو روٹ نے جونی بیئراسٹو کے ساتھ مل کر اسکور کو 60تک پہنچایا لیکن اسی مرحلے پر وہاب کی گیند پر اوپننگ بلے باز 32رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹے۔
اسکور 85تک پہنچا ہی تھا کہ محمد حفیظ نے قیمتی وکٹ حاصل کرتے ہوئے انگلش کپتان آئن مورگن کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔
بین اسٹوکس اور روٹ نے ٹیم کی سنچری مکمل کرائی لیکن گزشتہ میچ کے مین آف دی میچ کی اننگز تین رنز سے آگے نہ بڑھ سکی اور وہ صرف تین رنز بنا کر شعیب ملک کو وکٹ دے بیٹھے۔
118 رنز پر 4وکٹیں گرنے کے بعد روٹ کا ساتھ دینے بٹلر آئے اور دونوں کھلاڑی عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ابتدائی نقصان کا ازالہ کردیا جبکہ اس دوران انگلینڈ کا رن ریٹ بھی 6 سے کم نہ ہونے دیا۔روٹ اور بٹلر 130رنز کی شاندار شراکت قائم کر کے انگلینڈ کو میچ میں واپس لے آئے اور جو روٹ نے شاندار سنچری اسکور کی تاہم سنچری کے فوراً بعد وہ شاداب خان کی وکٹ بن گئے، انہوں نے 107رنز بنائے۔
لیکن دوسرے اینڈ سے جوز بٹلر نے جارحانہ بیٹنگ جاری رکھی اور بہترین بیٹنگ کرتے ہوئے محمد عامر کو چوکا لگا کر اپنی سنچری مکمل کی لیکن اگلی گیند پر اسی کوشش میں وہ وہاب ریاض کو کیچ دے بیٹھے، انہوں نے 2 چھکوں اور 9چوکوں کی مدد سے 103رنز بنائے۔
کرس ووکس اور معین علی نے کچھ جارحانہ شاٹس کھیلے لیکن وہاب ریاض نے یکے بعد دیگرے کو آؤٹ کر کے پاکستان کی فتح کے امکانات روشن کر دیے۔
اگلے ہی اوور میں جوفرا آرچر بھی عامر کی گیند پر وہاب کو کیچ دے کر چلتے بنے۔
انگلینڈ کی ٹیم مقررہ اوورز میں 9وکتوں کے نقصان پر 333رنز بنا سکی اور پاکستان نے میچ میں 15رنز سے فتح اپنے نام کر لی۔
میچ کے لیے دونوں ہی ٹیموں نے اپنی فائنل الیون میں تبدیلی کی۔
پاکستان نے حارث سہیل اور عماد وسیم کی جگہ شعیب ملک اور آصف علی کو ٹیم میں شامل کیا جبکہ انگلینڈ نے لیام پلنکٹ کی جگہ مارک وڈ کو حتمی کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل کیا۔
قومی ٹیم کپتان سرفراز احمد، امام الحق، فخرزمان، بابر اعظم، محمد حفیظ، شعیب ملک، آصف علی، حسن علی، شاداب خان، محمد عامر اور وہاب ریاض پر مشتمل تھی۔
انگلینڈ کی قیادت این مورگن کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں جونی بیئرسٹو، جیسن رائے، جو روٹ، جوز بٹلر، بین اسٹوکس، معین علی، جوفرا آرچر، کرس ووکس، مارک ووڈ اور عادل رشید شامل تھے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل پاکستان کو ویسٹ انڈیز کے خلاف اپنے پہلے میچ میں 7 وکٹوں سے بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔اس کے علاوہ انگلینڈ کی ٹیم نے عالمی کپ میں اپنے پہلے میچ میں جنوبی افریقہ کو 104 رنز سے شکست دے کر کامیابی کے ساتھ اپنی مہم کا آغاز کیا تھا۔

Show More

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے