شوال کا چاند نظر آگیا،عیدالفطر کل بدھ کو ہوگی

ویب ڈیسک | تازہ ترین 04جون2019
کراچی ،صادق آباد: صادق آباد اور گردونوح میں شوال المکرم 1440ھ کا چاند نظر آگیا۔عیدالفطر کل بدھ 5جون کو ہوگی۔صادق آباد اور نواحی علاقوں میں مغربی افق پر بادل کی سیاہ لکیر کے باوجود مغرب کے وقت7:30منٹ پر شوال المکرم کا چاند واضح طور پر دکھائی دیا۔ واضح رہے کہ وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فوادچوہدری پہلے ہی قمری کیلنڈر کے مطابق 5جون بدھ کو عیدالفطر کا اعلان کرچکے ہیں جبکہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس بھی آج مفتی منیب الرحمن کی صدارت میں کراچی میں جاری ہے۔ادھر چاند دیکھنے کے بعد روزہ دار امن و سلامتی اور رحمت و مغفرت کی دعائیں مانگتے اور ایک دوسرے کو چاند کی مبارک باد دیتے رہے جبکہ مساجد میں بھی عید کا چاند نظر آنے کے اعلانات ہوتے رہے۔
قافلہ نیوز کے مطابق چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمان نے اعلان کیا کہ پاکستان میں شوال کا چاند نظر آگیاہے، کل ملک بھر میں عید الفطر منائی جائے گی، مرکزی رویت ہلال کمیٹی کو فیصل آباد، کشمور، لاہور، رحیم یار خان، صادق آباد، ٹیکسلا، پسنی خان پور، لورا لائی، ژوب، خان پور، گھوٹکی، کوئٹہ شکارپور، جیکب آباد سے شہادتیں موصول ہوئیں۔شوال کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس کی صدارت چیئرمین مفتی منیب الرحمان نے کی، اجلاس میں پشاور، کوئٹہ سے تعلق رکھنے والے علمائے کرام شریک ہوئے۔
چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمان نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ بہت سے لوگ 20 سال سے رویت ہلال کمیٹی پر انگلیاں اٹھا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چاند دوربین سے نہیں آسمان پر نظر آتا ہے، رویت ہلال کمیٹی ہی قانونی حیثیت رکھتی ہے، سب باتوں کا جواب ایک ساتھ دوں گا، تمام الزامات اور آرام کرنے کے مشورے پر جواب دوں گا۔
واضح رہے کہ محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ آج شوال کا چاند نظر آنے کا قوی امکان ہے، کراچی میں موسم جزوی طور پر ابرآلود ہے، کراچی میں چاند نظر آنے کا امکان معدوم ہے، گوادر، پسنی، جیوانی میں چاند نظر آنے کے واضح امکانات ہیں۔
یاد رہے کہ وزیر اطلاعات خیبرپخختونخوا شوکت یوسفزئی اور مفتی شہاب الدین پوپلزئی کی جانب سے اعلان کے بعد آج خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں عید الفطر منائی گئی جبکہ کچھ علاقوں میں کل عید الفطر منائی جائے گی۔
مفتی نعیم کا کہنا تھا کہ کے پی حکومت کی جانب سے عید کا اعلان کرنا بالکل غلط تھا، خیبرپختونخوا میں 28 روزے رکھے گئے ہیں، 28 روزوں پر عید نہیں ہوتی، اب کے پی والوں کو عید کے بعد ایک روزہ قضا رکھنا ہوگا۔
خیال رہے کہ وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی جانب سے قمری کیلنڈر جاری کیا گیا ہے جس کے مطابق ملک بھر میں 29 روزے اور 5 جون بروز بدھ کو عید الفطر منائی جائے گی۔
ادھر سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سمیت خلیجی ممالک میں عیدالفطر آج مذہبی جوش وخروش کے ساتھ منائی جارہی ہے۔
سعودی عرب سمیت خلیجی ممالک میں عیدگاہوں اور مساجد میں نماز عید کے اجتماعات ہوئے جس میں امت مسلمہ کی سلامتی اور دنیا میں امن قائم رہنے کے لیے دعائیں کی گئیں۔
برطانیہ میں رواں سال بھی دو عیدیں منائی جا رہی ہیں جس میں پاکستانی کمیونٹی کی بڑی تعداد کل عید منائے گی جبکہ کینیڈا اور امریکا میں بھی دو عیدیں منائی جا رہی ہیں۔
انڈونیشیا، جاپان، آسٹریلیا، ملائیشیا اور تھائی لینڈ میں شوال کا چاند نظر نہیں آیا تاہم عیدالفطر کل ہوگی۔

Show More

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے