”حمزہ !سربلند رہنا، کٹھ پتلی تماشا ختم ہونے کو ہے“

حمزہ شہباز کی گرفتاری پر مریم نواز کا ٹوئٹ

ویب ڈیسک | منگل 11جون2019
لاہور: پنجاب اسمبلی اپوزیشن لیڈر اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے نائب صدر حمزہ شہباز کی گرفتاری پر سابق وزیراعظم نواز شریف کی بیٹی مریم نواز کی جانب سے بھرپور ردِ عمل دیکھنے میں آیا۔
سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹس کرتے ہوئے انہوں نے وزیراعظم عمران خان اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے حکومت کو ’جعلی‘ اور ’ریت کی دیوار‘ قرار دیا۔

خیال رہے کہ حمزہ شہباز کی ضمانت کی مدت 11 جون کو اختتام پذیر ہوئی جس کی توسیع کے لیے وہ لاہور ہائی کورٹ میں پیش ہوئے تھے تاہم عدالت کی جانب سے کہا گیا کہ ضمانت میں توسیع کا معاملہ احتساب عدالت دیکھے گی جس پر لیگی رہنما نے اپنی درخواست واپس لے لی اور انہیں گرفتار کرلیا گیا۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ ’نہ تو مسلم لیگ (ن) کے لیے جیلوں کا سامنا کرنا نئی بات ہے نہ حمزہ شہباز کے لیے، ہم نے ڈکٹیٹر کے مظالم کا سامنا کیا ہوا ہے‘۔
سلسلہ وار ٹوئٹس کرتے ہوئے انہوں نے قومی احتساب بیورو (نیب) پر الزام عائد کی کہ وہ وزیراعظم کی ہدایات پر عمل پیرا ہے، حمزہ شہباز کے لیے اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ ’حمزہ سربلند ہو کر رہنا، کٹھ پتلی تماشا ختم ہونے کو ہے‘۔
ایک اور پیغام میں مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر کا کہنا تھا کہ معاشی سروے اور بجٹ جیسی ناکامیوں سے توجہ ہٹانے کی کوشش حکومت کو عوام کے غیض و غضب سے نہیں بچا سکتیں۔
خیال رہے کہ واضح رہے کہ حمزہ شہباز کے خلاف نیب کی جانب سے رمضان شوگر ملز، آمدن سے زائد اثاثہ جات اور صاف پانی کیس میں ریفرنس دائر کیے گئے تھے۔
نیب کے مطابق رمضان شوگر ملز کے لیے حمزہ شہباز نے ایک نالہ تعمیر کروایا جس کی وجہ سے قومی خزانے کو 21 کروڑ 30 لاکھ روپے کا نقصان ہوا۔
ضمانتیں خارج ہونے کے بعد مسلم لیگ (ن) کے نائب صدر حمزہ شہباز نے اپنے وکلا سے مشاورت کی اور پھر نیب کو گرفتاری دے دی۔

Show More

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے