فیلڈنگ میں غلطیاں کیں تو بھارت سے ہار جائیں گے:سرفراز

فاسٹ بالر محمد عامر انڈیا کو ہرانے کے لیے پرعزم

ویب ڈیسک | 14جون 2019
لندن: پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ اگر ان کی ٹیم روایتی حریف بھارت کو شکست دینا چاہتی ہے تو فیلڈنگ کو بہتر بنانا ہوگا۔
گزشتہ روز آسٹریلیا کے خلاف گرین شرٹس کی فیلڈنگ انتہائی ناقص تھی جس کے دوران کھلاڑیوں نے اوور تھروز کیں جبکہ ایرون فنچ کا فرسٹ سلپ پر آسان کیچ آصف علی نے ڈراپ کردیا۔
آسٹریلوی کپتان نے 82 رنز کی اننگز کھیلی اور سنچری اسکور کرنے والے ڈیوڈ وارنر کے ساتھ مل کر 146 رنز کی شراکت قائم کی جس نے آسٹریلیا کے 307 رنز کے مجموعے میں کلیدی کردار ادا کیا۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستانی کپتان نے کہا کہ جب دو اچھی ٹیم مدمقابل ہوتی ہیں تو فیلڈنگ سے بڑا فرق پڑتا ہے اور ہم نے بہت غلطیاں کی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر ہم ورلڈ کپ کے دوران بڑی ٹیموں کو ہرانا چاہتے ہیں تو ایسی غلطیاں نہیں کرسکتے۔سرفراز احمد نے کہا کہ ہماری فیلڈنگ بین الاقوامی معیار کے مطابق نہیں اور بھارت کے خلاف میچ سے قبل ہم اس پر بھرپور محنت کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت ایک مضبوط ٹیم ہے اور اگر ہم فیلڈ پر اسی طرح غلطیاں کرتے رہے تو میچ جیتنے کا موقع گنوا بیٹھیں گے۔

دوسری طرف پاکستان کے تیز گیند باز محمد عامر عالمی کپ میں بھارت کو ہرانے کے لئے پرعزم ہیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عالمی کپ 2019 کے 16 جون کو کھیلے جانے والے اس اہم میچ میں ہم روایتی حریف بھارت کو ضرور ہرائیں گے۔انہوں نے کہا کہ عالمی کپ کے تمام میچز کے دوران ٹیموں پر دباؤ ضرور ہوتا ہے، بھارت کے خلاف میچ میں بھی دباؤ ہو گا۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارت کے خلاف ہمیں مثبت سوچ اور حکمت عملی کے ساتھ میدان میں اترنا ہے، آسٹریلیا کے خلاف شکست کے بعد ہمیں باقی تمام میچز جیتنا ہوں گے۔عامر نے کہا کہ ہم بھارت کو یقیناً ہرا سکتے ہیں، آسٹریلیا کے خلاف میچ میں ہماری بیٹنگ لائن نے کافی اچھا کھیل پیش کیا۔
یاد رہے کہ محمد عامر عالمی کپ 2019 میں اب تک سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے گیند باز ہیں۔عامر نے تین میچز میں 10 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ آسٹریلیا کے خلاف میچ میں بھی ان کی کارکردگی بہترین رہی۔انہوں نے اپنے ایک روزہ کریئر میں پہلی مرتبہ 5 وکٹیں حاصل کیں۔

Show More

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے