رحیم یارخان میں موبائل ہیلتھ یونٹ کا افتتاح

ویب ڈیسک | 14جون 2019

رحیم یارخان: ڈپٹی کمشنر جمیل احمد جمیل نے تحصیل رحیم یار خان کے دیہی علاقہ شیخ واہن میں محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈی ہیلتھ کیئر کی جانب سے فراہم کردہ موبائل ہیلتھ یونٹ کا افتتاح کر دیا۔موبائل ہیلتھ یونٹ میں ہیپاٹائٹس، ایچ آئی وی(ایڈز)، بلڈ پریشر، شوگر، ایکسرے سمیت دیگر بنیادی ہیلتھ سہولیات موجود ہیں۔
ڈپٹی کمشنر نے موبائل ہیلتھ یونٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی ہدایت پر ہیلتھ سہولیات کا دائر ہ کار دیہی و پسماندہ علاقوں تک وسیع کیا جا رہاہے تاکہ دور دراز علاقوں کے رہائشی بھی بنیادی ہیلتھ سہولیات سے مستفید ہو سکیں۔انہوں نے کہا کہ موبائل ہیلتھ یونٹ ابتدائی طور پر15اضلاع کو موبائل ہیلتھ یونٹ فراہم کئے گئے ہیں۔وفاقی وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ مخدوم خسرو بختیار اور صوبائی وزیر خزانہ مخدوم ہاشم جواں بخت کی خصوصی کاوشوں سے ضلع رحیم یا رخان بھی ان اضلاع میں شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ موبائل ہیلتھ یونٹ کی فراہمی سے ضلع رحیم یار خان کے دیہات اور قصبوں کے رہائشیوں کو ہیلتھ سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ اس موبائل ہیلتھ یونٹ کی فراہمی سے محکمہ صحت کی سروسز میں مزید بہتری آئے گی اورحادثات کی صورت میں موبائل ہیلتھ یونٹ تحصیل ہیڈ کواٹر ہسپتال، رورل ہیلتھ سینٹرز اور بنیادی مراکز صحت کے ساتھ بھی رابطے میں رہتے ہوئے طبی سہولیات کی فراہمی میں معاون کردار ادا کرے گا۔سی ای او ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر سخاوت علی رندھاوا نے کہا کہ اس موبائل ہیلتھ یونٹ میں ہیپا ٹائٹس، ایچ آئی وی(ایڈز)، بلڈ پریشر، شوگر، الٹراساؤنڈ، ایکسرے سمیت مختلف اقسام کی بیماریوں کی تشخیص کے لئے سہولیات دستیاب ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس موبائل ہیلتھ یونٹ کی فراہمی سے ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کی جانب سے طبی سہولیات کی فراہمی میں مزید بہتری آئے گی۔اس موقع پر وفاقی وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ مخدوم خسرو بختیار اور صوبائی وزیر خزانہ پنجاب مخدوم ہاشم جواں بخت کے پولیٹیکل سیکرٹریز اکمل جعفری، باؤ منظور احمد،اقبال احمد ہاشمی، نیاز احمد ہاشمی، شاہ منصور ہاشمی نے کہا کہ مخدوم خسروبختیار اور مخدوم ہاشم جواں بخت کی خصوصی کاوشوں سے ضلع رحیم یا رخان کو موبائل ہیلتھ یونٹ کی فراہمی خوش آئندہ ہے اور دیہی علاقہ کے عوام بھی محکمہ صحت کی جدید سہولیات سے اپنی دہلیز پر استفادہ حاصل کریں گے۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ منیجر پنجاب ہیلتھ فیسلیٹیشن منیجمنٹ کمپنی ذیشان احمد سمیت دیگر موجود تھے۔

Show More

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے