الحمرا میں پانچ روزہ ”آئل پینٹنگ ورکشاپ“

”آئل پینٹنگ ورکشاپ“ میں 36نوجوانوں نے تربیت حاصل کی

کلچرل ڈیسک | جمعہ 21جون 2019
لاہور: پلاہور آرٹس کونسل کے زیر اہتمام پانچ روزہ ”آئل پیٹنگ ورکشاپ“ کی اختتامی تقریب کا انعقادہوا۔ ڈاکٹر رفعت ڈار اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر الحمرا نے ورکشاپ کے شرکاء میں سرٹیفیکیٹ تقسیم کئے۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر الحمرا اطہر علی خان نے ورکشاپ کے شرکا ء میں سرٹیفیکیٹ تقسیم کرنے کی تقریب سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ الحمرا نوجوانوں کی آگے بڑھنے کی راہ ہموار کررہا ہے، ورکشاپ فنی سفر کا خوبصورت آغاز ثابت ہوگی،نوجوان مصور معاشرتی مسائل کی نشاندہی کرکے سماجی ترقی میں اپنا حصہ ڈالیں،آج کے نوجوان مصور میں آگے بڑھنے کی جستجو،تخیل میں وسعت دیکھ کر خوشی ہوئی۔انھوں نے موسیقی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ الحمرا آرٹس کونسل معیاری موسیقی کے فروغ میں اپنا اہم کردار کامیابی سے ادا کر رہا ہے،ایک طرف عوام کے لئے ان کے من پسند موسیقی کے پروگرام پیش کئے جا رہے ہیں تو دوسری طرف نوجوان گلوکاروں کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لئے الحمرا لایؤ جیسے پروگرام کا ہفتہ وار انعقاد کیا جا رہا ہے،انہوں نے کہا کہ موسیقی کے میدان میں پاکستان دنیا میں اپنی ایک اعلی اور منفرد پہچان رکھتا ہے جس پر فخرہے۔
ڈائریکٹر آرٹس اینڈ کلچر ذوالفقار علی زلفی نے ورکشاپ کی اختتامی تقریب میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ فن کی دنیا اردگرد کی چیزوں کو اصل معنی میں دیکھنے کا شعور اور خیالات کو تقویت بخشتی ہے،ورکشاپ نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کا باعث ہو گی۔انھوں نے ورکشاپ کے اساتذہ کی محنت کو بھر پور سراہا اور انکی خدمات پر ان کا شکریہ ادا کیا۔’’آئل پینٹنگ ورکشاپ“ میں 36نوجوانوں نے تربیت حاصل کی۔ورکشاپ میں نوجوان مصوروں نے پانچ روز میں کلر میکنگ،کلرٹون بنانا،ڈرائینگ اور پینٹنگ کی بنیادی تکنیک سیکھی۔ورکشاپ میں شرکت کرنے والے نوجوان نے اس موقع پر اپنے تا ثرات میں کہا کہ اس تربیتی ورکشاپ میں حصہ لے کر ہمارے اعتماد میں بھر پور اضافہ ہوا،ہم اس اقدام پر الحمرا انتظامیہ کے بے حد مشکور ہیں،اس ادارے کی مثبت سرگرمیوں کی بدولت آرٹ میں بہتری آرہی ہے جو پرامن معاشرہ کی ضامن ہے۔

Show More

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے