الحمرا میں معروف گلوکار عطا اللہ عیسی کیساتھ ایک شام

ویب ڈیسک | ہفتہ 22جون 2019

لاہور: لاہور آرٹس کونسل الحمرا کے زیر اہتمام نامور گلوکارعطا ء اللہ عیسی خیلوی کے ساتھ خوبصورت شام منائی گئی۔ایگزیکٹو ڈائریکٹر الحمرا اطہر علی خان نے اصغر ندیم سید،توفیق بٹ اور ذوالفقار علی زلفی کے ہمراہ عطا اللہ عیسی خیلوی کو ان کی 50سالہ خدمات اور ستارہ امیتاز ملنے کی خوشی میں سوینیئرپیش کیا۔نامور ادیب و دانشور اصغرندیم سید نے تقریب سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ دنیا میں جس طرح مہدی حسن ایک ہے، نور جہاں ایک ہیں ویسے عطا اللہ عیسی خیلوی بھی ایک ہی ہیں،عطا اللہ عیسی خیلوی کو 50برس قبل عوامی محبتوں کا اعلی ایوارڈ مل چکا ہے۔انھوں نے کہا کہ عطا اللہ عیسی خیلوی نے اپنے فن کو عزت کے ساتھ آگے بڑھایا،ان کے گائے ہوئے گیت ہمارے جذبات و احساسات کی عکاسی کرتے ہیں،انہوں نے گلوکاری میں جو مقام بنایااس میں انکی محبت اور صبر کی جھک دیکھائی دیتی ہے۔توفیق بٹ نے تقریب سے اظہار خیال میں کہا کہ عطا اللہ عیسی خیلوی ایک گلوکار ہی نہیں،عظیم انسان بھی ہیں۔
ایگزیکٹو ڈائریکٹر اطہر علی خان نے اپنے تاثرات میں کہا کہ الحمرا اپنے لیجنڈ کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھتا ہے،عطا اللہ عیسی خیلوی نے دنیا میں ملک و قوم کا نام روشن کیا ہے جو کہ ایک بہت بڑی خدمت ہے۔عطا اللہ عیسی خیلوی نے ”پیا ر نال نہ سہی“، ”قمیض تیری کالی“،”اللہ توں ڈرو جی“،”آؤ تو کبھی دیکھو تو ذرا“ اور”سب مایاہے“گیت پیش کئے جس پر ہال میں موجود با ذوق عوام کی بہت بڑی تعداد لطف اٹھاتی رہی۔ڈائریکٹر آرٹس اینڈ کلچر ذوالفقار علی زلفی نے عطا اللہ عیسی خیلوی کا الحمرا کی دعوت قبول کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم اللہ کے بے حد شکر گزار ہیں کہ آج لالہ صیحح سلامت ہمارے درمیان موجود ہیں،انہوں نے عوام کا بھی شکریہ ادا کیا کہ وہ الحمرا آئے اور اپنے عظیم گلوکار کو خراج تحسین پیش کیا۔پروگرام میں شرکت کرنے والے افراد نے الحمرا انتظامیہ کو کامیاب پروگرام کے انعقاد پر مبارکباد دی اور خوشگوار یادیں سمیٹ کر اپنے اپنے گھروں کو لوٹ گئے۔

Show More

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے