معروف اداکار عابد علی جگر کے عارضے میں مبتلا،حالت تشویشناک

ویب ڈیسک : 03 ستمبر 2019
کراچی: فلم و ڈرامہ انڈسٹری کے نامور اداکار عابد علی جگر کے عارضے میں مبتلا ہوگئے، مداحوں سے دعاؤں کی درخواست کی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق لیجنڈ اداکار عابد علی ان دنوں شدید علیل ہیں وہ جگر کے عارضے میں مبتلا ہیں اور انہیں کراچی کے نجی اسپتال میں داخل کیا گیا ہے، فیملی نے مداحوں سے دعاؤں کی درخواست کی ہے۔
گزشتہ روز عابد علی کے ساتھی فنکاروں نے اسپتال میں ان کی عیادت کی جس کے بعد ڈاکٹرز کی جانب سے کسی بھی قسم کی ملاقات پر پابندی لگادی گئی۔ٹیلی ویژن نگری میں شہرت کی بلندیوں کو چھونے والے صدارتی ایوارڈ یافتہ اداکار عابد علی 1952 میں کوئٹہ میں پیدا ہوئے، ان کی تین بیٹیاں ہیں جبکہ ایک بیٹی ایمان علی نے فلم بول سے شہرت حاصل کی۔
واضح رہے کہ عابد علی نے دو شادیاں کی ہیں، ان کی پہلی اہلیہ حمیرا علی اور دوسری رابعہ نورین اور ان دونوں کا تعلق بھی شوبز سے ہے۔
عابد علی کو امجد اسلام امجد کے لکھے ہوئے ڈرامے وارث سے شہرت حاصل ہوئی، انہوں نے سینکڑوں ٹیلی ویژن ڈراموں اور درجنوں فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔
خیال رہے کہ عابد علی حالیہ ریلیز ہونے والی فلم ہیر مان جا سنیما گھروں کی زینت بنی ہوئی ہے جس میں حریم فاروق اور علی رحمان نے مرکزی اداکار کیا ہے۔
واضح رہے کہ 67 سالہ اداکار نے 2018 میں پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی تھی۔

Show More

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے