کوئٹہ: سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، خاتون سمیت 6 ‘دہشت گرد’ ہلاک، ایک اہلکار شہید

ویب ڈیسک : 04 ستمبر 2019
کوئٹہ :صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں خفیہ معلومات پر کیے گئے آپریشن میں خاتون سمیت 6 مبینہ دہشت گرد ہلاک جبکہ ایک سیکیورٹی اہلکار شہید اور 8 زخمی ہوگئے۔
محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کے حکام کے مطابق کاؤنٹر ٹیررازم پولیس کے اہلکاروں اور خفیہ ایجنسی نے مشرقی بائی پاس کے علاقے میں دہشت گردوں کے چھپے ہونے کی اطلاعات پر کارووائی کی۔
ترجمان کے مطابق علاقے میں دہشت گردوں کی موجودگی پر آپریشن کا آغاز کیا گیا، اس دوران کمپاؤنڈ میں چھپے مبینہ دہشت گردوں اور سیکیورٹی اہلکاروں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق ایک مبینہ خود کش حملہ آور نے خود کو اڑالیا، جس سے بڑا دھماکا ہوا۔ترجمان نے بتایا کہ یہ آپریشن 6 گھنٹے تک جاری رہا جبکہ دہشت گردوں کے ٹھکانے سے بڑی تعداد میں اسلحہ و بارودی مواد بھی برآمد کرلیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ اس آپریشن کے دوران 3 اہلکار زخمی بھی ہوئے، جنہیں طبی علاج کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کردیا۔بعد ازاں سیکیورٹی اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا جبکہ مزید نفری کو بھی طلب کرلیا گیا۔
ادھر انسپکٹر جنرل پولیس (آئی جی پی) بلوچستان محسن حسن بٹ کا کہنا تھا کہ ‘کوئٹہ کے علاقے مشرقی بائی پاس سیکیورٹی فورسز نے عسکریت پسندوں کو ہلاک کیا، جن کا تعلق کالعدم داعش سے تھا’۔انہوں نے بتایا کہ آپریشن کے دوران ایک سپاہی نے جام شہادت نوش کیا جبکہ 8 زخمی ہوئے، جن میں سے ایک کی حالت تشویش ناک ہے۔
پولیس چیف کا کہنا تھا کہ ہلاک ہونے والوں میں ایک خاتون بھی شامل ہیں جبکہ ساتھ ہی انہوں نے بتایا کہ مرنے والے عسکریت پسندوں کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے سول ہسپتال منتقل کردیا گیا۔سی ٹی ڈی اور پولیس نے جس کمپاؤنٹ میں کارروائی کی وہاں پولیس اور سیکیورٹی اہلکاروں کی بڑی نفری کو تعینات کردیا گیا۔
علاوہ ازیں ایک اور سیکیورٹی عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنےکی شرط پر بتایا کہ مرنے والے عسکریت پسند بلوچستان میں متعدد ٹارگیٹ کلنگ اور بم دھمکاوں میں ملوث تھے۔
خیال رہے کہ رواں سال مئی میں بلوچستان کے علاقے مستونگ میں میں کالعدم تنظیم کے 9 مشتبہ دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔دوسری جانب وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے مشرقی بائی پاس پر ‘دہشت گردوں’ کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی پر اطمینان کا اظہار کیا۔اپنے ایک بیان میں وزیراعلیٰ نے آپریشن میں حصہ لینے والی سیکیورٹی ٹیم کو مبارک باد دی اور کہا کہ ‘سیکیورٹی فورسز نے جرات اور بہادری سے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو تباہ اور دہشت گردوں کو ان کے انجام تک پہنچایا’۔جام کمال نے کہا کہ ‘سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردی کی منصوبہ بندی اور ممکنہ کارروائی کو ناکام بنایا، عوام کے جان و مال کے تحفظ اورامن کے قیام کے لیے سیکیورٹی فورسز کی کارکردگی باعث اطمینان ہے۔اس موقع پر وزیراعلیٰ نے کارروائی میں زخمی ہونے والے سیکیورٹی اہلکاروں کی جلد صحتیابی کی دعا بھی کی۔

Show More

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے