معروف اداکار عابد علی انتقال کر گئے

ویب ڈیسک | 05ستمبر2019
کراچی:دنیائے فن کا ایک اور بڑا نام مداحوں کو سوگوار کرگیا۔پاکستان شوبز انڈسٹری کے سینئر اداکار عابد علی انتقال کر گئے۔ جس کی تصدیق ان کے خاندانی ذرائع نے کر دی ہے۔معروف اداکار کی چند روز سے حالت تشویشناک تھی، عابد علی جگر کے سرطان میں مبتلا تھے اور ڈاکٹروں نے انہیں جواب دے دیا تھا جس کی وجہ سے وہ آج خالق حقیقی سے جا ملے۔ان کی اہلیہ رابعہ نورین کا کہنا تھا کہ میرے شوہر عابد علی دنیا میں نہیں رہے، سب لوگوں سے گزارش ہے کہ ان کی مغفرت کے لیے دعا کریں۔
یاد رہے کہ چند روز قبل بھی خبریں چلی تھیں کہ عابد علی انتقال کر گئے ہیں تاہم سوشل میڈیا پر ان کی بیٹی راحمہ علی کا کہنا تھا کہ میرے والد کے انتقال کی خبریں درست نہیں ہیں۔
خیال رہے کہ ٹیلی ویژن نگری میں شہرت کی بلندیوں کو چھونے والے صدارتی ایوارڈ یافتہ اداکار عابد علی 1952ء میں کوئٹہ میں پیدا ہوئے۔ ان کی عمر 67 برس ہے۔ اداکار نے سینکڑوں ٹیلی ویژن ڈراموں اور درجنوں فلموں میں کام کیا اور اپنی الگ پہچان بنائی۔ان کی تین بیٹیاں ہیں۔ بڑی بیٹی ایمان علی ٹاپ ماڈل اور اداکارہ ہیں۔واضح رہے کہ عابد علی نے دو شادیاں کی ہیں، ان کی پہلی اہلیہ حمیرا علی اور دوسری رابعہ نورین اور ان دونوں کا تعلق بھی شوبز سے ہے۔عابد علی کو امجد اسلام امجد کے لکھے ہوئے ڈرامے وارث سے شہرت حاصل ہوئی، انہوں نے سینکڑوں ٹیلی ویژن ڈراموں اور درجنوں فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔خیال رہے کہ عابد علی حالیہ ریلیز ہونے والی فلم ہیر مان جا سنیما گھروں کی زینت بنی ہوئی ہے جس میں حریم فاروق اور علی رحمان نے مرکزی اداکار کیا ہے۔
واضح رہے کہ 67 سالہ اداکار نے 2018 میں پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی تھی۔
لیجنڈ اداکار کو 1985 میں تمغہ حسن کارکردگی سے نوازا گیا تھا، عابد علی نے آخری بار فلم ہیرمان جا میں اداکاری کے جوہر دکھائے تھے۔

Show More

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے