ملک بھر میں آج یوم عاشور مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جارہا ہے

ویب ڈیسک | منگل10ستمبر2019
اسلام آباد / کراچی / لاہور :نواسہ رسول حضرت امام حسینؓ اور شہدائے کربلا کی یاد میں آج ملک بھر میں یوم عاشور مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایاجارہا ہے جبکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لئے سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق یوم عاشور کے موقع پر ملک بھر کی فضا سوگوار ہے، نواسہ رسول حضرت امام حسین اور آپ کے ساتھیوں نے کربلا کے میدان میں عظیم قربانی پیش کرکے اسلام کو ہمیشہ کے لیے سربلند کردیا۔
حق و باطل کے اس عظیم معرکے کی یاد میں آج ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں علم،شبیہہ ذوالجناح اور تعزیے کے جلوس برآمد کیے جا رہے ہیں جن کی سکیورٹی کے لئے نہ صرف قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ہزاروں اہلکار تعینات کئے گئے ہیں بلکہ سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لئے پولیس کے ساتھ رینجرز کو بھی اہم شاہراہوں پر تعینات کیا گیا ہے۔
جلوسوں کی فضائی نگرانی کے ساتھ گزر گاہوں پر فورسز کی بھاری نفری تعینات ہے، بم ڈسپوزل اسکواڈ کے عملے کو بھی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ اس موقع پر مختلف شہروں میں چھوٹے بڑے جلوس برآمد ہوں گے جبکہ جلوسوں کی گزرگاہوں پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں، ملک کے مختلف شہروں میں موبائل فون کی بندش کے ساتھ موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد ہے۔
کراچی میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس حسینیہ ایرانیاں کھارادر سے برآمد ہوگا، جلوس کے راستوں میں پانی اور دودھ کی سبیلیں لگائی گئیں اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے رینجرز اور پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے۔
یوم عاشور کے موقع پر لاہور سمیت پنجاب بھر میں چھوٹے بڑے جلوس برآمد ہوں گے۔کراچی، لاہور سمیت ملک کے تمام شہروں میں جلوسوں کے روٹ پر لنک روڈز کو کنٹینرز اور قناتیں لگا کر بند کیا گیا ہے اور مسلسل فضائی نگرانی بھی جاری ہے، خواتین پولیس اہلکار کی بڑی تعداد بھی مرکزی جلوسوں کی سیکیورٹی کے فرائض انجام دیں گی۔سیکیورٹی خدشات کے باعث کراچی سمیت کئی شہروں میں موبائل فون سروس صبح سے ہی بند کردی جائے گی جبکہ انٹرنیٹ وائی فائی سروس بھی متاثر ہو سکتی ہے۔

Show More

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے