میئر کراچی کے مشیر لیاقت قائم خانی کا 2 روزہ راہدری ریمانڈ منظور

ویب ڈیسک : 21ستمبر 2019
اسلام آباد: راولپنڈی کی احتساب عدالت نے جعلی اکاونٹس کیس میں گرفتار سابق ڈی جی پارکس لیاقت قائم خانی کا 2 روزہ راہداری ریمانڈ منظور کرلیا ہے۔
جعلی اکاونٹس کیس میں گرفتار سابق ڈی جی پارکس لیاقت علی قائم خانی کو نیب کی ٹیم نے راولپنڈی کی احتساب عدالت نمبر ایک کے جج پرویز اسماعیل جوئیہ کے روبرو پیش کیا۔ نیب کی جانب سے ملزم کے 2 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی۔
عدالت نے اپنے تحریری حکم نامے میں کہا ہے کہ نیب نے ملزم کے 2 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تھی۔ اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج کی رخصت کے باعث ملزم یہاں پیش کیا گیا، ملزم کو 2 روزہ راہداری ریمانڈ پر نیب کے حوالے کیا جاتا ہے، ملزم کو پیر کے روز اسلام آباد کی احتساب عدالت میں پیش کیا جائیگا۔
یاد رہے گزشتہ روز نیب راولپنڈی نے سابق ڈی جی پارکس کراچی لیاقت قائم خانی سے بند تجوری کھلوائی تو سونے کے سکے، پرائز بونڈز، جواہرات اور غیر ملکی کرنسی نکلی۔ تجوری کھلنے پر حکام بھی حیران رہ گئے۔ جعلی اکاؤنٹس کیس میں گرفتار لیاقت قائم خانی نے خود اپنی ایک تجوری کھولی اور سونے کے زیورات کے 5 سیٹ، سونے کے سکے اور کرنسی نکال کر نیب راولپنڈی کے حوالے کی۔ ان سب چیزوں کی مالیت 15 کروڑ بتائی جاتی ہے۔
لیاقت قائم خانی کے گھر کے دروازے ریمورٹ کنٹرولڈ ہیں۔ باتھ روم 60 گز رقبے پر محیط ہے ۔ نیب کے مطابق ایک تجوری کا کھولا جانا ابھی باقی ہے۔ نیب حکام کے مطابق لیاقت قائم خانی نے 20 برس میں 71 پارک صرف کاغذات میں بنائے، حقیقت میں کوئی پارک نہیں بنایا گیا۔ پارکس میں جعلی کام کرانے کے لیے جعلی کمپنیاں بنائیں۔لیاقت قائم خانی کو ریٹائرمنٹ کے بعد کے ایم سی میں بطور مشیر تعینات کیا گیا تھا۔نیب ذرائع کے مطابق لیاقت قائم خانی پر باغ ابن قاسم کی تزئین و آرائش کے نام پر کروڑوں روپے کی غبن کا الزام ہے۔

Show More

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے